کتاب 30: كتاب الصوم
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1891
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو سہیل سے، ابو سہیل نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ (مالک) نے حضرت طلحہ بن عبیداللہؓ سے روایت کی کہ ایک بدوی رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا؛ حالت یہ تھی کہ سر کے بال پراگندہ تھے۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ مجھے بتائیں اللہ نے نماز میں سے کیا کچھ مجھ پر فرض کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: پانچ نمازیں، سوائے اِس کے کہ تو خوش نفسی سے کچھ اور پڑھے تو اُس نے کہا: مجھے بتائیں روزوں سے اللہ نے مجھ پر جو فرض کیا ہے؟ تو آپؐ نے فرمایا: رمضان کا مہینہ سوائے اِس کے کہ تو خوش نفسی سے کچھ اور روزے رکھے تو اُس نے کہا: مجھے بتائیں زکوٰۃ سے اللہ نے مجھ پر کیا فرض کیا ہے؟ (حضرت طلحہ بن عبیداللہؓ ) کہتے تھے: رسول اللہﷺ نے شریعت کے اَحکام اُس کو بتائے۔ اُس نے کہا: اُسی ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ عزت بخشی، میں بطور نفل کچھ نہیں کروں گا اور نہ اِس سے کچھ کم کروں گا جو اللہ نے مجھ پر فرض کیا ہے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا: بامراد ہوگیا اگر یہ سچا ہے یا (فرمایا:) جنت میں داخل ہوگیا اگر یہ سچا ہے۔
صحیح بخاری 1892
مسدد (بن مسرہد) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل (بن ابراہیم) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے عاشورہ کا روزہ رکھا اور اس روزے کو رکھنے کا ارشاد فرمایا۔ پس جب رمضان (کے روزے) فرض ہوئے تو وہ (روزہ) چھوڑ دیا گیا اور حضرت عبداللہ ؓ یہ روزہ نہیں رکھا کرتے تھے، سوائے اِس کے کہ وہ (دِن) اُن کے روزے (کے دِن) سے موافقت پالے۔
صحیح بخاری 1893
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا کہ یزید بن ابی حبیب سے مروی ہے کہ عراک بن مالک نے اُن سے بیان کیا کہ عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے اُنہیں خبر دی کہ قریش جاہلیت میں عاشورہ کے دِن روزہ رکھا کرتے تھے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے بھی یہ روزہ رکھنے کا حکم دیا، یہاں تک کہ رمضان (کے روزے) فرض ہوئے اور رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو چاہے یہ روزہ رکھے اور جو چاہے نہ رکھے۔
صحیح بخاری 1894
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: روزے ڈھال ہیں۔ سو کوئی شخص فحش بات نہ کرے اور نہ جہالت کی بات، اور اگر کوئی آدمی اُس سے لڑے یا گالی دے تو چاہیے کہ اُس سے دوبار کہے کہ میں روزہ دار ہوں۔ اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے روزہ دار کے منہ کی بُو اللہ تعالیٰ کو مشک سے زیادہ پسندیدہ ہے۔ (اللہ تعالیٰ فرماتا ہے) کہ وہ اپنا کھانا اور اپنا پینا اور اپنی شہوت میری خاطر چھوڑ دیتا ہے۔ روزے میرے لئے ہیں اور میں ہی اُس کا بدلہ ہوں اور نیکی کا بدلہ دس گنا ہے۔
صحیح بخاری 1895
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ جامع (بن ابی راشد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت حذیفہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے پوچھا: فتنہ کی بابت نبی ﷺ سے کسی کو حدیث یاد ہے؟ حضرت حذیفہؓ نے کہا: میں نے آپؐ سے سنا۔ فرماتے تھے: آدمی کو جو فتنہ اُس کے بال بچوں اور اُس کے مال اور اُس کے ہمسایہ کی وجہ سے لاحق ہوتا ہے؛ نماز، روزے اور صدقہ اُس کا کفارہ ہوتے ہیں۔ (حضرت عمرؓ نے) کہا: اس کی نسبت میں نہیں پوچھتا بلکہ میں تو اُس (فتنہ) سے متعلق پوچھتا ہوں جو سمندر کی موجوں کی مانند اُمڈ کر آئے گا۔ (حضرت حذیفہ ؓ نے) کہا اور اُس کے ورے ایک بند دروازہ ہے تو انہوں نے پوچھا: کیا وہ کھولا جائے گا یا توڑا جائے گا؟ (حضرت حذیفہؓ نے) کہا: توڑا جائے گا۔ تو انہوں نے کہا: یہ دروازہ توڑا گیا تو قیامت تک بند نہیں ہوگا۔ ہم نے مسروق سے کہا: (حضرت حذیفہؓ) سے پوچھو: کیا حضرت عمرؓ اس دروازے کو جانتے تھے؟ تو انہوں نے حضرت حذیفہؓ سے پوچھا: حضرت حذیفہؓ نے کہا: ہاں ایسا ہی جیسا یہ جانتے تھے کہ دِن کے بعد رات آئے گی۔
صحیح بخاری 1896
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن بلال نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ابو حازم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت سہل رضی اللہ عنہ سے، حضرت سہلؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جنت میں بھی ایک دروازہ ہے۔ جس کو ریان کہتے ہیں۔ قیامت کے دِن روزہ دار اُس سے داخل ہوں گے۔ اُن کے سوا کوئی اُس سے داخل نہیں ہوگا۔ پوچھا جائے گا: روزہ دار کہاں ہیں؟ تو وہ کھڑے ہو جائیں گے۔ اُن کے سوا کوئی اُس سے داخل نہیں ہوگا۔ پس جب وہ داخل ہو جائیں گے تو وہ بند کر دیا جائے گا تو پھر کوئی بھی اُس سے داخل نہ ہوگا۔
صحیح بخاری 1897
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا، کہا: معن (بن عیسیٰ) نے مجھے بتایا، کہا: مالک نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حمید بن عبدالرحمن سے، حمید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے اللہ کی راہ میں جوڑہ خرچ کیا؛ جنت کے دروازوں سے اُسے آواز دی جائے گی۔ اے اللہ کے بندے ! یہ (دروازہ) اچھا ہے۔ سو جو نماز پڑھنے والوں میں سے ہوگا، وہ نماز کے دروازہ سے بلایا جائے گا۔ جو جہاد کرنے والوں میں سے ہوگا، وہ جہاد کے دروازہ سے بلایا جائے گا۔ جو روزہ داروں میں سے ہوگا، اُسے ریان دروازہ سے بلایا جائے گا۔ جو صدقہ دینے والوں میں سے ہوگا، اُسے صدقہ کے دروازہ سے بلایا جائے گا۔ تو حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے (یہ سن کر) کہا: یا رسول اللہ! میرے ماں باپ آپؐ پر قربان جو اِن دروازوں میں سے بلایا گیا تو اُسے کوئی ضرورت نہیں رہے گی۔ (حضور فرمائیں:) کیا کوئی ایسا بھی ہے جسے اِن سب دروازوں میں سے بلایا جائے گا؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ اور میں اُمید رکھتا ہوں کہ آپؓ بھی انہیں میں سے ہوں گے۔
صحیح بخاری 1898
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو سہیل (نافع بن مالک) سے، ابو سہیل نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔
صحیح بخاری 1899
یحيٰ بن بکیر نے مجھ سے بیان کیا، کہا: لیث نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: مجھے (ابوسہیل) ابن ابی انس نے خبر دی اور وہ تیمیین کے آزاد کردہ غلام تھے کہ اُن کے باپ نے اُن سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب رمضان کا مہینہ آجاتا ہے تو آسمان کے دروازے کھولے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں اور شیاطین زنجیروں میں جکڑ دئیے جاتے ہیں۔
صحیح بخاری 1900
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: سالم نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جب تم اسے (چاند) دیکھو تو روزہ رکھو اور جب تم اسے دیکھو روزہ چھوڑ دو۔ اگر تمہیں اَبر کی وجہ سے نظر نہ آئے تو پھر تم اُس کے لئے اندازہ کر لو۔ اور یحيٰ کے سِوا اور لوگوں نے لیث سے یوں نقل کیا: مجھ سے عقیل اور یونس نے بیان کیا، (کہا:) رمضان کے چاند کا اندازہ کر لو۔
صحیح بخاری 1901
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام (دستوائی) نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ (بن ابی کثیر) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابوسلمہ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جو کوئی لیلۃ القدر میں اِیمان رکھ کر ثواب کی نیت سے عبادت میں کھڑا ہو؛ اُس کے اگلے پچھلے گناہ بخش دئیے جائیں گے اور جو کوئی رمضان کے روزے اِیمان کے ساتھ ثواب کی نیت سے رکھے گا، اُس کے اگلے گناہ بخش دئیے جائیں گے۔
صحیح بخاری 1902
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہمیں خبر دی۔ عبیداللہ بن عبد اللہ بن عتبہ سے مروی ہے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: نبی ﷺ نیکی میں سب لوگوں سے زیادہ سخی تھے اور رمضان میں بہت ہی سخاوت کرتے تھے۔ جب حضرت جبرائیلؑ آپؐ سے ملتے اور حضرت جبرائیل علیہ السلام رمضان کی ہر رات آپؐ سے ملاقات کرتے تھے، یہاں تک کہ (رمضان) گزر جاتا۔ نبی ﷺ قرآن کا دور کرتے۔ جب حضرت جبرائیل علیہ السلام آپؐ سے ملتے تو آپؐ نیکی میں تیز چلنے والی ہوا سے بھی زیادہ سخی ہوتے۔
صحیح بخاری 1903
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ سعید مقبری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص جھوٹ بولنا اور جھوٹ پر عمل کرنا نہ چھوڑے تو اللہ کو کوئی حاجت نہیں کہ ایسا شخص کھانا اور پینا چھوڑ دے۔
صحیح بخاری 1904
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں خبر دی کہ ابن جریج سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عطاء نے ابوصالح زیّات سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ابن آدم کا ہر عمل اُس کے لئے ہوتا ہے سوائے روزہ کے۔ کیونکہ وہ میرے لئے ہے اور میں ہی اُس کا بدلہ ہوتا ہوں اور روزے ایک ڈھال ہیں اور جب تم میں سے کسی کے روزہ کا دِن ہو تو وہ کوئی فحش بات نہ کرے اور نہ شور و غل کرے۔ اور اگر کوئی اُس کو گالی دے یا اُس سے لڑے تو چاہیے کہ وہ یہ کہہ دے: میں روزہ دار شخص ہوں۔ اور اُسی ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں محمد ﷺ کی جان ہے! یقینا روزہ دار کے منہ کی بُو اللہ تعالیٰ کے نزدیک بوئے مشک سے بھی زیادہ پسندیدہ ہے۔ روزہ دار کے لئے دو خوشیاں ہیں جن سے وہ خوش ہوتا ہے۔ پہلی خوشی اُس وقت ہوتی ہے جبکہ وہ افطار کرتا ہے اور دوسری جب وہ اپنے ربّ سے ملاقات کرے گا تو اپنے روزہ کی وجہ سے خوش ہوگا۔
صحیح بخاری 1905
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے ابو حمزہ سے، ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جبکہ میں حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ کے ساتھ جا رہا تھا تو انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ تھے تو آپؐ نے فرمایا: جو مردانہ قوت رکھتا ہو تو اُسے چاہیے کہ وہ شادی کرے کیونکہ یہ بات نگاہ نیچے رکھنے میں زیادہ ممد ہوگی اور شرم گاہ کو زیادہ محفوظ رکھے گی۔ اور جو شادی کرنے کی طاقت نہ رکھتا ہو تو اُسے روزہ رکھنا چاہیے۔ کیونکہ وہ اُس کی شہوت کو کم کردے گا۔ {ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اَلْبَائَ ۃ سے مراد نکاح کرنے کی طاقت ہے۔ }
صحیح بخاری 1906
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے رمضان کا ذکر کیا اور فرمایا کہ روزہ نہ رکھو جب تک چاند نہ دیکھ لو۔ افطار نہ کرو جب تک کہ (شوال کا چاند) نہ دیکھ لو۔ اور اگر تم کو اَبر کی وجہ سے چاند نظر نہ آئے تو پھر اُس کے لئے دِنوں کا اندازہ کر لو۔
صحیح بخاری 1907
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ بن دینار نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مہینہ اُنتیس دِنوں کا بھی ہوتا ہے۔ روزہ نہ رکھو یہاں تک کہ چاند دیکھو۔ اگر اَبر کی وجہ سے چاند تم کو نظر نہ آئے تو پھر گنتی تیس دِن کی پوری کر لو۔
صحیح بخاری 1908
ابو الولید نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ جبلہ بن سُحَیم سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے دونوں ہاتھوں کی اُنگلیوں سے اِشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ مہینہ اِتنا ہے اور اِتنا۔ اور تیسری بار انگوٹھے کو دبا لیا۔
صحیح بخاری 1909
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ محمد بن زیاد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا، یا کہا: ابوالقاسم ﷺ نے فرمایا: اُسے دیکھ کر روزہ رکھو اور اُسے دیکھ کر افطار کرو اور اگر اَبر کی وجہ سے تمہیں نظر نہ آئے تو شعبان کے تیس دِن کی گنتی پوری کرلو۔
صحیح بخاری 1910
ابو عاصم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج سے مروی ہے۔ انہوں نے یحيٰ بن عبداللہ بن صیفی سے، یحيٰ نے عکرمہ بن عبدالرحمن سے، عکرمہ نے حضرت امّ سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے اپنی ازواج سے ایک مہینہ کنارہ کشی کی قسم کھائی اور جب اُنتیس دِن گذرے تو صبح کو یا شام کے وقت (اُن کے پاس) گئے تو آپؐ سے کہا گیا کہ آپؐ نے قسم کھائی تھی کہ مہینہ بھر نہ آئیں گے تو آپؐ نے فرمایا: مہینہ اُنتیس دِن کا بھی ہوتا ہے۔