کتاب 24: باب الْقُبْلَةِ لِلصَّائِمِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1928
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ نے ہمیں بتایا کہ ہشام سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ اپنی بعض ازواج کو بوسہ دیتے جبکہ آپؐ روزہ دار ہوتے۔ (یہ کہہ کر) وہ ہنس دیں۔
صحیح بخاری 1929
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ ہشام بن ابی عبداللہ سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) یحيٰ بن ابی کثیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت زینب بنت امّ سلمہؓ سے، حضرت زینبؓ نے اپنی ماں (حضرت امّ سلمہ) رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ایک چادر میں (لیٹی ہوئی) تھی کہ اِتنے میں مجھے حیض آیا تو میں چپکے سے نکلی اور اپنے حیض کے کپڑے لئے تو آپؐ نے فرمایا: تمہیں کیا ہوا ہے؟ کیا حیض آگیا ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ پھر میں آپؐ کے ساتھ چادر میں آگئی اور وہ اور رسول اللہ ﷺ ایک ہی برتن سے نہایا کرتے تھے اور انہیں بوسہ بھی دیتے جبکہ آپؐ روزہ دار ہوتے۔