کتاب 43: باب مَتَى يَحِلُّ فِطْرُ الصَّائِمِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1954
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ ہشام بن عروہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے عاصم بن عمر بن خطاب سے سنا کہ اُن کے باپ (حضرت عمر) رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جب رات اِدھر سے آجائے اور دن اُدھر سے پیٹھ موڑ کر چلا جائے اور سورج ڈوب جائے تو روزہ دار افطار کر چکا۔
صحیح بخاری 1955
اسحاق (بن شاہین) واسطی نے ہم سے بیان کیا کہ خالد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (سلیمان) شیبانی سے، انہوں نے حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ہم ایک سفر میں تھے اور آپؐ روزہ دار تھے۔ جب سورج غروب ہوگیا تو آپؐ نے لوگوں میں سے کسی سے کہا: اے فلاں! اُٹھو اور ہمارے لئے ستو گھولو۔ اُس نے کہا: یا رسول اللہ! اگر آپؐ شام ہونے دیں۔ آپؐ نے فرمایا: اُترو اور ہمارے لئے ستو گھولو۔ اُس نے کہا: یا رسول اللہ! اگر آپؐ شام ہونے دیں۔ آپؐ نے فرمایا: اُترو اور ہمارے لیے ستو گھولو۔ اُس نے کہا: ابھی آپؐ کے لئے دِن باقی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اُترو اور ستو گھولو۔ چنانچہ وہ (سواری سے) اُترا اور آپؐ کے لئے ستو گھولے۔ نبی ﷺ نے (بھی) پئے۔ پھر فرمایا: جب تم رات کو دیکھو کہ وہ اِدھر سے آ رہی ہے تو روزہ دار افطار کر چکا۔