کتاب 51: باب مَنْ أَقْسَمَ عَلَى أَخِيهِ لِيُفْطِرَ فِي التَّطَوُّعِ وَلَمْ يَرَ عَلَيْهِ قَضَاءً، إِذَا كَانَ أَوْفَقَ لَهُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1968
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ جعفر بن عون نے ہمیں بتایا۔ ابوالعمیس (عتبہ بن عبداللہ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عون بن ابی جُحَیفہ سے، عون نے اپنے باپ (وہب بن عبداللہ سوائی) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت سلمانؓ اور حضرت ابودردائؓ کو آپس میں بھائی بھائی بنایا۔ حضرت سلمانؓ حضرت ابودردائؓ سے ملنے گئے تو انہوں نے حضرت امّ دردائؓ کو دیکھا کہ انہوں نے میلے کچیلے کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اُن سے پوچھا: تمہارا یہ کیا حال ہے؟ وہ کہنے لگیں: تمہارے بھائی ابودردائؓ کو دنیا میں کوئی حاجت نہیں۔ اِتنے میں حضرت ابودردائؓ آئے تو انہوں نے حضرت سلمانؓ کے لئے کھانا تیار کیا اور اُن سے کہا: آپؓ کھائیں (اور) کہا: میں تو روزہ دار ہوں۔ حضرت سلمانؓ نے کہا: میں اس وقت تک ہرگز نہ کھاؤں گا جب تک آپؓ نہ کھائیں۔ (وہب نے) کہا: حضرت ابودردائؓ نے کھانا کھایا اور جب رات ہوئی تو حضرت ابودردائؓ کھڑے ہو کر نماز پڑھنے لگے۔ (حضرت سلمانؓ نے) کہا: سوئیں۔ تو وہ سو گئے۔ پھر نماز کے لئے اُٹھنے لگے تو انہوں نے کہا: ابھی سوئیں۔ جب رات کا آخری حصہ ہوا تو حضرت سلمانؓ نے کہا: اب اُٹھیں اور دونوں نے نماز پڑھی اور حضرت سلمانؓ نے اُن سے کہا: تیرے ربّ کا بھی تجھ پر حق ہے اور تیرے نفس کا بھی اور تیری بیوی کا بھی تجھ پر حق ہے۔ اس لئے ہر حق والے کو اُس کا حق دے۔ حضرت ابودردائؓ نبی ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ سے اس بات کا ذکر کیا تو نبی ﷺ نے اُن سے فرمایا: سلمانؓ نے سچ کہا ہے۔