کتاب 52: باب صَوْمِ شَعْبَانَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1969
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا) کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابونضر سے، ابونضر نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ روزے رکھتے تھے تو ہم سمجھتے کہ آپؐ ختم ہی نہ کریں گے اور روزہ چھوڑتے تو ہم سمجھتے کہ اب آپؐ روزہ نہیں رکھیں گے اور میں نے رسول اللہ ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپؐ نے مہینہ بھر روزے رکھے ہوں سوائے رمضان کے۔ اور میں نے آپؐ کو نہیں دیکھا کہ شعبان سے زیادہ کسی اور مہینے میں روزے رکھے ہوں۔
صحیح بخاری 1970
معاذ بن فضالہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے روایت کی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے اُن سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ شعبان سے زیادہ کسی مہینے میں روزے نہیں رکھتے تھے۔ آپؐ شعبان کا سارا مہینہ روزے رکھتے اور فرمایا کرتے تھے: اُتنا ہی عمل کرو جتنی تم طاقت رکھتے ہو کیونکہ اللہ تعالیٰ تو نہیں اُکتاتا۔ تم ہی اُکتا جاؤ گے۔ اور نبی ﷺ کو سب سے پیاری نماز وہ تھی جو ہمیشہ پڑھی جائے اگر چہ وہ تھوڑی ہی ہو، اور جب آپؐ کوئی (نفل) نماز پڑھتے تو آپؐ اُسے ہمیشہ ہی پڑھا کرتے۔