کتاب 63: بَابُ صَوْمِ يَوْمِ الْجُمُعَةِ، فَإِذَا أَصْبَحَ صَائِمًا يَوْمَ الْجُمُعَةِ فَعَلَيْهِ أَنْ يُفْطِرَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1984
ابو عاصم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے عبد الحمید بن جبیر بن شیبہ سے، عبد الحمید نے محمد بن عباد سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے پوچھا: کیا نبی ﷺ نے جمعہ کے دِن روزہ رکھنے سے منع فرمایا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ ابو عاصم کے سِوا دوسرے روایوں نے یہ الفاظ مزید کہے کہ وہ صرف جمعہ کا روزہ رکھے۔
صحیح بخاری 1985
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے کہ تم میں سے کوئی جمعہ کے روز روزہ نہ رکھے مگر اس صورت میں کہ اُس سے پہلے یا اُس کے بعد بھی ایک دِن روزہ رکھے۔
صحیح بخاری 1986
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ سے مروی ہے۔ نیز محمد (بن بشار) نے مجھ سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے ابوایوب سے، ابوایوب نے حضرت جویریہ بنت حارث رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ جمعہ کے دِن اُن کے پاس آئے اور وہ روزہ دار تھیں تو آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے کل روزہ رکھا تھا؟ اُنہوں نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم چاہتی ہو کہ کل روزہ رکھو؟ کہا: نہیں۔ فرمایا: تو روزہ افطار کرو۔ اور حماد بن جعد نے کہا: انہوں نے قتادہ سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) ابوایوب نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت جویریہؓ نے انہیں بتایا کہ آپؐ نے انہیں (روزہ کھول دینے کا) حکم دیا تو انہوں نے روزہ کھول دیا۔