کتاب 65: باب صَوْمِ يَوْمِ عَرَفَةَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1988
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ مالک سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: سالم نے مجھ سے بیان کیا، کہا: عمیر نے جو حضرت امّ فضلؓ کے آزاد کردہ غلام تھے، مجھے بتایا کہ حضرت امّ فضلؓ نے اُن سے بیان کیا۔ نیز عبداللہ بن یوسف نے بھی ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ ابونضر سے جو عمر بن عبیداللہ کے آزاد کردہ غلام تھے، مروی ہے۔ انہوں نے عمیر سے جو کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام تھے۔ عمیر نے حضرت امّ فضلؓ بنت حارث سے روایت کی کہ اُن کے پاس عرفہ کے دِن کچھ لوگوں نے نبی ﷺ کے روزے کی نسبت اِختلاف کیا۔ اُن میں سے بعض نے کہا کہ آپؐ روزہ دار ہیں اور بعض نے کہا: روزہ دار نہیں۔ تو (حضرت امّ فضلؓ) نے آپؐ کے پاس دودھ کا پیالہ بھیجا۔ اُس وقت آپؐ بحالت وقوف عرفہ اپنے اُونٹ پر سوار تھے تو آپؐ نے وہ پی لیا۔
صحیح بخاری 1989
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے مجھے خبر دی۔ یا (کہا) کہ اُن کے سامنے پڑھا گیا۔ انہوں نے کہا: عمرو (بن حارث) نے مجھے بکیر سے روایت کرتے ہوئے خبر دی کہ کریب سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ لوگوں نے عرفہ کے دن نبی ﷺ کے روزہ کی نسبت شک کیا تو انہوں نے آپؐ کے پاس دودھ بھیجا جبکہ آپؐ عرفات کے میدان میں وقوف فرما تھے تو آپؐ نے اُس سے لے کر پیا اور لوگ آپؐ کو دیکھ رہے تھے۔