کتاب 67: باب الصَّوْمِ يَوْمَ النَّحْرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1993
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں خبر دی کہ ابن جریج سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عمرو بن دینار نے مجھے عطاء بن میناء سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے انہیں (یعنی عطاء بن میناء کو) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے یہ حدیث بیان کرتے ہوئے سنا کہ انہوں نے کہا: دو روزے اور دو قسم کی خرید و فروخت ممنوع ہیں۔ عید الفطر اور عید الاضحی کے روزے اور بیع ملامسہ اور منابذہ۔
صحیح بخاری 1994
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ معاذ (ابن معاذ عنبری) نے ہمیں بتایا۔ (عبداللہ) ابن عون نے ہمیں خبر دی کہ زیاد بن جبیر سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: ایک شخص حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کے پاس آیا اور اُس نے کہا کہ ایک شخص نے منت مانی ہے کہ وہ ایک دن روزہ رکھے گا، کہا کہ میرا خیال ہے کہ اُس نے کہا کہ دو شنبہ کو۔ تو اتفاق سے وہ عید کا دن تھا، تو حضرت ابن عمرؓ نے کہا کہ اللہ نے تو حکم دیا ہے کہ نذر پوری کی جائے اور نبی ﷺ نے اُس دِن روزے سے روکا ہے۔
صحیح بخاری 1995
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ عبدالملک بن عمیر نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے قزعہ (بن یحيٰ) سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے سنا اور نبی ﷺ کے ساتھ وہ بارہ لڑائیوں میں شریک ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے میں نے چار باتیں سنی ہیں جو مجھے بہت پیاری ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: عورت دو دِن کی مسافت کا سفر نہ کرے مگر اس صورت میں جبکہ اُس کے ساتھ اُس کا خاوند یا محرم رشتہ دار ہو، اور دو دِن عید الفطر اور عید الاضحی کو روزہ نہ رکھا جائے، اور صبح کی نماز کے بعد نماز نہ پڑھی جائے یہاں تک کہ سورج نکل آئے اور نہ عصر کے بعد یہاں تک کہ سورج غروب ہو جائے، اور کجاوے نہ کسے جائیں مگر تین مسجدوں کے لئے مسجد حرام، مسجد اقصیٰ اور میری یہ مسجد۔