کتاب 34: كتاب البيوع
صحیح بخاری, حصہ 10
صحیح بخاری 2227
بشر بن مرحوم نے مجھ سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سُلَیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن امیہ سے، اسماعیل نے سعید بن ابی سعید سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: تین شخص ہیں جن سے قیامت کے روز میں جھگڑا کروں گا۔ ایک وہ شخص جس نے میرا نام لے کر کسی سے عہد کیا اور پھر غداری کی۔ دوسرا وہ شخص جس نے کسی آزاد کو بیچ کر اس کی قیمت کھائی۔ تیسرا وہ شخص جس نے مزدور کو مزدوری پر رکھا اور اس سے پورا کام لیا مگر اُس کی مزدوری اُسے نہ دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2228
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جنگی قیدیوں میں حضرت صفیہؓ بھی تھیں جو حضرت دحیہ کلبیؓ کے حصے میں آئیں۔ پھر نبی ﷺ کو مل گئیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2229
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا (کہا) کہ شعیب نے ہمیں زہری سے خبر دی ہے۔ زہری نے کہا کہ (عبداللہ) بن محیریز نے مجھے بتایا کہ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے اُن کو خبر دی کہ ایک بار جبکہ وہ نبی ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ (ایک شخص مجدی بن عمرو ضمریؓ نے) کہا: یا رسول اللہ! ہمیں جنگ میں قیدی عورتیں ملتی ہیں اور ہمیں ان کی قیمتیں پسند ہوتی ہیں۔ آپؐ کا عزل کی نسبت کیا خیال ہے؟ آپؐ نے فرمایا: کیا تم ایسا کرتے ہو ایسا نہ کرنا۔ اگرچہ تم پر ضروری نہیں مگر دراصل بات یہ ہے کہ جس جان کے متعلق اللہ تعالیٰ نے مقدر کردیا ہے کہ وہ پیدا ہو تو وہ ضرور ہی پیدا ہوگی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2230
(محمد بن عبداللہ) بن نمیر نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل (بن ابی خالد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سلمہ بن کہیل سے، سلمہ نے عطاء سے، عطاء نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے (قرضہ اَدا کرنے کی غرض سے) ایسے غلام کو بیچا، جسے موت کے بعد آزاد قرار دینے کا فیصلہ کر دیا گیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2231
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ عمرو (بن دینار) سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے اُسے (یعنی مدبر غلام کو) بیچا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2232
زُہیر بن حرب نے مجھ سے بیان کیا کہ یعقوب نے ہمیں بتایا (انہوں نے کہا:) میرے باپ (ابراہیم بن سعد) نے ہم سے بیان کیا کہ صالح (بن کیسان) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ابن شہاب نے بیان کیا۔ عبیداللہ نے ان کو بتایا کہ حضرت زید بن خالد اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہما دونوں نے ان کو خبر دی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ سے ایسی لونڈی کی بابت پوچھا گیا جو بدکار ہو اور وہ نکاح شدہ نہ ہو۔ فرمایا: اسے کوڑے لگاؤ۔ پھر اگر بدکاری کرے تو پھر کوڑے لگاؤ۔ پھر (اگر باز نہ آئے تو) اسے بیچ دو۔ یہ تیسری بار کے بعد فرمایا یا چوتھی بار کے بعد۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2233
زُہیر بن حرب نے مجھ سے بیان کیا کہ یعقوب نے ہمیں بتایا (انہوں نے کہا:) میرے باپ (ابراہیم بن سعد) نے ہم سے بیان کیا کہ صالح (بن کیسان) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ابن شہاب نے بیان کیا۔ عبیداللہ نے ان کو بتایا کہ حضرت زید بن خالد اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہما دونوں نے ان کو خبر دی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ سے ایسی لونڈی کی بابت پوچھا گیا جو بدکار ہو اور وہ نکاح شدہ نہ ہو۔ فرمایا: اسے کوڑے لگائو۔ پھر اگر بدکاری کرے تو پھر کوڑے لگائو۔ پھر (اگر باز نہ آئے تو) اسے بیچ دو۔ یہ تیسری بار کے بعد فرمایا یا چوتھی بار کے بعد۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2234
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ لیث نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سعید (بن ابی سعید) سے، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہ ص سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے سنا کہ جب تم میں سے کسی کی لونڈی زنا کرے اور اُس کا زنا ثابت ہوجائے تو بموجب حدّ اس کو کوڑے لگائے جائیں تو اُسے برا بھلا نہ کہے۔ پھر اگر زنا کرے تو بموجب حد پھر کوڑے لگائے اور اسے برا بھلا نہ کہے۔ پھر اگر تیسری دفعہ زنا کرے اور اس کا زنا ثابت ہوجائے تو چاہیے کہ اسے بیچ دے، خواہ بالوں کی ایک رسی ہی کے بدلے بکے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2235
عبدالغفار بن دائود نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبدالرحمن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن ابی عمرو سے روایت کی۔ عمرو نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے کہا: نبی ﷺ خیبر میں آئے، جب اللہ تعالیٰ نے آپؐ کے لئے قلعہ فتح کردیا تو صفیہؓ بنت حي بن اخطب کی خوبصورتی کا ذکر آپؐ سے کیا گیا اور ان کا خاوند قتل ہوچکا تھا اور وہ دلہن ہی تھیں۔ تو رسول اللہ ﷺ نے انہیں اپنے لئے چن لیا اور آپؐ انہیں لے کر نکلے؛ یہاں تک کہ ہم سد الروحاء میں پہنچے تو وہ حیض سے فارغ ہوئیں اور وہاں ان کا رخصتانہ ہوا۔ پھر حیس (طعام) تیار کروایا اور چھوٹے سے دسترخوان پر رکھوایا۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو تمہارے آس پاس ہوں، ان کو اطلاع کردو کہ وہ آجائیں۔ یہ رسول اللہ ﷺ کا ولیمہ تھا جو حضرت صفیہؓ (کی شادی) کے موقع پر ہوا۔ پھر ہم مدینہ کی طرف روانہ ہوئے۔ (حضرت انسؓ نے) کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ عباء سے اُن (حضرت صفیہؓ ) کے لئے اپنے پیچھے گدّا بنا دیتے تھے اور پھر اُونٹ کے قریب بیٹھتے اور اپنا گھٹنا نیچے رکھتے اور حضرت صفیہؓ اپنا پائوں آپؐ کے گھٹنے پر رکھ کر سوار ہو جاتیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2236
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی حبیب سے، یزید نے عطاء بن ابی رباح سے، عطاء نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فتح کے سال فرما رہے تھے جبکہ آپؐ مکہ میں تھے کہ اللہ اور اس کے رسول نے شراب اور مردار اور خنزیر اور بتوں کی خرید و فروخت حرام قرار دی ہے۔ آپؐ سے کہا گیا: یا رسول اللہ! مردار کی چربیوں کی بابت بھی آپؐ بتائیں کیونکہ وہ کشتیوں میں ملی جاتی ہیں اور کھالوں پر بھی ان کا روغن ملا جاتا ہے اور لوگ ان سے روشنی حاصل کرتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں، وہ حرام ہے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے اس وقت فرمایا: اللہ یہود کو تباہ کرے کہ اللہ نے مردار کی چربیاں (ان کے لئے) حرام کی تھیں مگر انہوں نے انہیں پگھلایا اور پھر بیچا اور ان کی قیمت کھائی۔ ابو عاصم (ضحاک بن مخلد) نے کہا: عبدالحمید نے ہم سے بیان کیا۔ یزید نے ہمیں بتایا کہ عطاء (بن ابی رباح) نے مجھے لکھا کہ میں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے یہ سنا۔ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2237
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ (امام) مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوبکر بن عبدالرحمن سے، ابوبکر نے حضرت ابو مسعود انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے کتے کی قیمت اور فاحشہ (لونڈی) کی کمائی اور کاہن کی اُجرت سے منع فرمایا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2238
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، کہا کہ عون بن ابی جُحَیفہ نے مجھے خبر دی۔ اس نے کہا: میں نے اپنے باپ کو دیکھا کہ انہوں نے ایک پچھنے لگانے والا غلام خریدا اور اس کے آلات کے بارے میں حکم دیا تو وہ توڑ دیے گئے۔ تو میں نے ان سے اس کی وجہ پوچھی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے خون کی قیمت اور کتے کی قیمت اور لونڈی کی کمائی سے منع فرمایا ہے اور گودنے والی اور گدوانے والی عورتوں پر اور سود کھانے والے اور کھلانے والے پر لعنت کی ہے اور مصور پر بھی لعنت کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah