کتاب 3: باب تَفْسِيرِ الْمُشَبَّهَاتِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2052
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں خبر دی۔ عبداللہ بن عبدالرحمن بن ابی حسین نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن ابی ملیکہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت عقبہ بن حارث رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک سیاہ فام عورت آئی اور کہنے لگی کہ اُس نے ان دونوں (عقبہؓ اور اُس کی بیوی عینیہؓ ) کو دودھ پلایا ہے تو حضرت عقبہؓ نے نبی ﷺ سے ذکر کیا۔ نبی ﷺ اُن سے منہ پھیر کر مسکرائے۔ فرمایا: (اب یہ عورت) کیونکر (رہ سکتی ہے) جبکہ یہ کہا گیا ہے اور ابواہاب تمیمی کی بیٹی (حضرت عینیہؓ ) حضرت عقبہؓ کی بیوی تھیں۔
صحیح بخاری 2053
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: عتبہ بن ابی وقاص نے اپنے بھائی سعد بن ابی وقاصؓ کو وصیت کی کہ زمعہ کی کنیز کا بیٹا میرا ہے، اُسے لے لینا۔ (حضرت عائشہؓ) کہتی تھیں: جس سال مکہ فتح ہوا تو سعد بن ابی وقاصؓ نے اُسے لے لیا اور کہا میرے بھائی کا بیٹا ہے۔ مجھے اِس کے متعلق اُس نے وصیت کی تھی۔ عبد بن زمعہ کھڑا ہوا اور کہنے لگا کہ یہ میرا بھائی ہے اور میرے باپ کی کنیز کا بیٹا ہے جو اُس کے بستر پر پیدا ہوا تو وہ دونوں رسول اللہ ﷺ کے پاس اپنا جھگڑا لائے۔ سعدؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میرے بھائی کا بیٹا ہے۔ مجھے اِس بارہ میں اُس نے وصیت کی تھی۔ عبد بن زمعہ نے کہا: میرا بھائی ہے اور میرے باپ کی کنیز کا بیٹا ہے جو اُس کے بستر پر پیدا ہوا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: عبد بن زمعہ! وہ تیرا ہی ہے۔ پھر نبی ﷺ نے فرمایا: بچہ اُسی کا ہے جو عورت کا جائز خاوند یا مالک ہو اور زانی کے لئے پتھر تیار ہیں۔ پھر آپؐ نے حضرت سودہؓ بنت زمعہ سے جو نبی ﷺ کی زوجہ تھیں، فرمایا: اے سودہ! اِس سے پردہ کریں کیونکہ آپؐ نے دیکھا کہ وہ صورت و شکل میں عتبہ سے ملتا ہے۔ پھر اُس نے حضرت سودہؓ کو نہیں دیکھا یہاں تک کہ اللہ سے جا ملا۔
صحیح بخاری 2054
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، کہا: عبداللہ بن ابی سفر نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے شعبی سے، شعبی نے حضرت عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے بے نوک تیر کی نسبت پوچھا تو آپؐ نے فرمایا کہ جب تیر اپنی دھار سے شکار کو لگے تو کھا لو اور جب تیر کی جھپٹ سے مر جائے تو نہ کھاؤ۔ کیونکہ اس صورت میں وہ چوٹ سے مرا ہوا شکار ہوگا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں اپنے کتے کو چھوڑتا ہوں اور (چھوڑنے سے پہلے) بسم اللہ پڑھ لیتا ہوں اور جب شکار لینے جاتا ہوں تو اپنے کتے کے ساتھ اور کتا بھی پاتا ہوں جس پر میں نے بسم اللہ نہیں پڑھی ہوتی اور مجھے یہ پتہ نہیں لگتا کہ کس کتے نے شکار کیا۔ آپؐ نے فرمایا: نہ کھاؤ۔ کیونکہ تم نے تو اپنا کتا چھوڑنے پر ہی بسم اللہ پڑھی تھی اور دوسرے پر بسم اللہ نہیں پڑھی۔