کتاب 9: باب الْخُرُوجِ فِي التِّجَارَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2062
محمد بن سلام نے مجھ سے بیان کیا کہ مخلد بن یزید نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے ہمیں خبر دی، کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے مجھے بتایا۔ عبید بن عمیر سے مروی ہے کہ حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ نے حضرت عمر بن خطابؓ سے ملاقات کے لئے اِجازت طلب کی تو انہیں اجازت نہ دی گئی اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ (حضرت عمرؓ) مشغول تھے۔ حضرت ابوموسیٰؓ واپس چلے گئے۔ اتنے میں حضرت عمرؓ فارغ ہوئے اور فرمایا: کیا عبداللہ بن قیسؓ (ابوموسیٰ) کی آواز میں نے نہ سنی تھی؟ انہیں (اندر آنے کی) اِجازت دو۔ آپؓ سے کہا گیا کہ وہ تو واپس چلے گئے ہیں۔ پھر حضرت عمرؓ نے اُن کو بلایا (اور دریافت کیا) تو (حضرت ابوموسیٰؓ نے) کہا: ہمیں یہی حکم ہوتا تھا (کہ جب اِجازت نہ ملے تو واپس چلے جایا کریں) تو حضرت عمرؓ نے کہا: آپؓ کو اِس بات پر شہادت لانی ہوگی۔ چنانچہ وہ مجالس انصار کی طرف چلے گئے اور اُن سے پوچھا تو انہوں نے کہا: اِس معاملہ میں آپؓ کے لئے کوئی شہادت نہیں دے گا؛ مگر وہ جو ہم سب میں سے کمسن ہے۔ یعنی ابوسعید خدریؓ۔ تب وہ حضرت ابوسعید خدریؓ کو ساتھ لے گئے۔ (اُن کی بات سن کر) حضرت عمرؓ نے کہا: کیا رسول اللہ ﷺ کا یہ اِرشاد مجھ سے پوشیدہ رہ گیا؟ منڈیوں میں لین دین نے مجھے غافل رکھا۔ اِس سے اُن کی یہ مراد تھی کہ وہ تجارت کے لئے باہر جایا کرتے تھے۔