کتاب 14: باب شِرَاءِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم بِالنَّسِيئَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2068
معلی بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ ہم نے ابراہیم (نخعی) سے اِس اَمر کا اِستفسار کیا کہ (کیا) اُدھار کے سودے میں رہن (رکھنے کے بارے میں کوئی روایت ہے؟) تو انہوں نے بتایا کہ اسود نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا: نبی ﷺ نے ایک یہودی سے مقررہ میعاد کے لئے غلہ خریدا اور لوہے کی ایک زِرہ اُس کے پاس گرو رکھی۔
صحیح بخاری 2069
مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت انسؓ سے مروی ہے۔ اس کی دوسری سند یوں ہے: اور محمد بن عبداللہ بن حوشب نے مجھ سے بیان کیا کہ اسباط ابوالیسع بصری نے ہمیں بتایا کہ ہشام دستوائی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے قتادہ سے، انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ نبی ﷺ کے پاس جَو کی روٹی اور کچھ چربی جو بودار تھی لائے۔ اور نبی ﷺ مدینہ میں اپنی زرہ ایک یہودی کے پاس رہن رکھ کر اس سے اپنے گھر والوں کے لیے جَو لائے تھے۔ اور میں نے انہیں (حضرت انسؓ کو) یہ کہتے سنا کہ حضرت محمد ﷺ کی آل کے پاس ایک صاع گندم یا ایک صاع کسی غلے کا شام تک نہیں رہا جبکہ آپؐ کے پاس نو بیویاں تھیں۔