کتاب 24: باب آكِلِ الرِّبَا وَشَاهِدِهِ وَكَاتِبِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2084
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب سورئہ بقرہ کی آخری آیتیں نازل ہوئیں تو نبی ﷺ نے مسجد میں پڑھ کر انہیں سنائیں اور آپؐ نے شراب کی تجارت بھی حرام قرار دی۔
صحیح بخاری 2085
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ ابو رجاء (بصری) نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: آج رات میں نے دو اَشخاص کو خواب میں دیکھا کہ وہ میرے پاس آئے ہیں اور مجھے ایک مقدس زمین کی طرف لے گئے ہیں۔ ہم چلتے گئے یہاں تک کہ ایک خون کی ندی پر پہنچے۔ جس میں ایک شخص کھڑا تھا اور ندی کے عین وسط میں ایک اور شخص تھا جس کے سامنے پتھر رکھے ہوئے تھے۔ تب وہ پہلا شخص جو ندی میں کھڑا تھا، جب آگے بڑھا اور نکلنے کا قصد کیا تو اُس دوسرے شخص نے اُس کے منہ پر پتھر مارا اور اُسے وہیں لَوٹا دیا، جہاں وہ کھڑا تھا۔ اِسی طرح جب بھی وہ باہر نکلنے کے لئے بڑھتا تو اُس کے منہ پر پتھر مارتا، جس سے وہ ویسا ہی لَوٹ جاتا۔ میں نے کہا: یہ کیا ماجرا ہے؟ تو اُس نے کہا: جس شخص کو آپؐ نے ندی میں دیکھا ہے۔ وہ سود خوار ہے۔