کتاب 28: باب مَا قِيلَ فِي الصَّوَّاغِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2089
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ انہوں نے کہا: علی بن حسین نے مجھے خبر دی کہ حضرت حسین بن علی رضی اللہ عنہما نے اُن کو بتایا کہ حضرت علیؓ نے کہا: میری ایک بوڑھی اُونٹنی تھی جو مجھے غنیمت سے بطور حصہ ملی تھی اور نبی ﷺ نے ایک اور بوڑھی اُونٹنی غنیمت کے پانچویں حصے سے مجھے دی تھی۔ جب میں نے رسول اللہ ﷺ کی بیٹی فاطمہؓ کو اپنے گھر لانے کا اِرادہ کیا تو میں نے بنی قینقاع کے ایک سنار سے طے کیا کہ وہ میرے ساتھ چلے اور ہم اِذخر لائیں۔ میں چاہتا تھا کہ اسے سناروں کے پاس بیچوں اور اپنی شادی کے ولیمہ کے لئے اس سے مدد لوں۔
صحیح بخاری 2090
اسحاق (بن شاہین) نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد (حذائ) سے، خالد نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ نے مکہ کو حرم قرار دیا ہے، نہ تو مجھ سے پہلے کسی کے لئے جائز ہوا اور نہ میرے بعد کسی کے لئے اور مجھے بھی دن کی ایک گھڑی کے لئے ہی اجازت ملی۔ نہ اس کی گھاس کاٹی جائے اور نہ اس کا درخت کاٹا جائے۔ نہ اس کا شکار بدکایا جائے۔ نہ اس کی گری پڑی چیز اُٹھائی جائے، سوائے اس شخص کے جو اس کی شناخت کرائے۔ اس وقت حضرت عباس بن عبدالمطلبؓ نے عرض کیا: (یا رسول اللہ!) سوائے اِذخر کے جو ہمارے سناروں اور ہمارے گھروں کی چھتوں کے اِستعمال کی چیز ہے۔ اِس پر آنحضرت ﷺ نے فرمایا: ہاں۔ اِذخر کی اِجازت ہے۔ عکرمہ نے (خالد سے) کہا: کیا تمہیں معلوم ہے کہ شکار کے بدکانے سے کیا مراد ہے؟ وہ یہ ہے کہ سائے سے تم اس کو ہٹا دو اور اس کی جگہ ڈیرہ لگا لو۔ عبدالوہاب نے خالد سے جو روایت نقل کی ہے، (اس میں یہ الفاظ ہیں:) ہمارے سناروں کے لئے اور قبروں کے لئے۔