کتاب 29: باب ذِكْرِ الْقَيْنِ وَالْحَدَّادِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2091
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ (محمد) ابن ابی عدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلیمان سے، سلیمان نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے، انہوں نے حضرت خبابؓ (بن ارتّ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں زمانہ جاہلیت میں لوہارے کا کام کرتا تھا اور عاص بن وائل کے ذمہ میرا قرض تھا۔ میں اُس کے پاس قرض کا تقاضا کرنے کے لئے گیا۔ اُس نے کہا: میں اُس وقت تک تمہیں نہیں دوں گا جب تک کہ تو محمد ﷺ کا اِنکا ر نہ کرے۔ میں نے کہا: اللہ تجھے مار کر زندہ کردے تو بھی میں اِنکار نہیں کروں گا۔ اُس نے کہا: اچھا۔ اُس وقت تک مجھے رہنے دو کہ میں مر جاؤں اور پھر زندہ کیا جاؤں۔ تب جو مال اور اَولاد مجھے (وہاں) ملے گی۔ میں (اس سے) تیرا قرض اَدا کر دوں گا۔ اِس پر (یہ آیت) نازل ہوئی: کیا تو نے اُس شخص کو دیکھا جس نے ہماری آیات کا اِنکار کیا اور کہا: مجھے ضرور مال اور اَولاد دِی جائے گی۔ کیا اُس نے غیب کو جھانک کر دیکھ لیا ہے یا رحمان خدا سے کوئی اِقرار لے لیا ہے۔