کتاب 31: باب ذِكْرِ النَّسَّاجِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2093
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبدالرحمن نے ابوحازم سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے میں نے سنا۔ انہوں نے کہا: ایک عورت بردہ لے کر آئی، کہا: آپ جانتے ہیں کہ یہ بردہ کیا ہے؟ تو اُن سے کہا گیا: ہاں۔ وہ حاشیہ دار چادر ہوتی ہے۔ اُس عورت نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے یہ اپنے ہاتھ سے بُنی ہے کہ میں آپؐ کو پہنائوں۔ نبی ﷺ نے وہ لے لی۔ آپؐ کو اُس کی ضرورت تھی۔ پھر آپؐ ہمارے پاس باہر آئے اور وہی (چادر) آپؐ کی تہ بند تھی۔ لوگوں میں سے ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! یہ (چادر) مجھے پہننے کے لئے دیجئے۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا۔ نبی ﷺ تھوڑی دیر مجلس میں بیٹھے رہے۔ پھر اندر جا کر اُسے تہ کیا اور اُس شخص کے پاس بھیج دی۔ لوگوں نے اُس سے کہا: تو نے اچھا نہیں کیا کہ آپؐ سے یہ مانگ لی۔ تجھے علم ہی ہے کہ آپؐ سائل کو ردّ نہیں کرتے تو اُس شخص نے کہا: بخدا میں نے یہ اِسی لئے مانگی کہ وہ میرے لئے کفن ہو، جب میں مر جاؤں۔ حضرت سہلؓ نے کہا: تو وہی (چادر) اُس کا کفن ہوئی۔