کتاب 32: باب النَّجَّارِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2094
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز نے ابو حازم سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: حضرت سہل بن سعدؓ کے پاس کئی آدمی آئے۔ (رسول اللہ ﷺ کے) منبر کے متعلق پوچھتے تھے تو انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فلاں عورت کو کہلا بھیجا۔ حضرت سہلؓ نے اس عورت کا نام لیا تھا کہ اپنے غلام سے کہو جو بڑھئی ہے، کچھ لکڑیوں کا (منبر) بنا دے۔ جس پر میں بیٹھ کر لوگوں سے خطاب کیا کروں۔ تو اُس عورت نے اپنے غلام کو کہا کہ وہ غابہ (جنگل) کے جھائو سے منبر تیار کر دے۔ چنانچہ وہ اُسے بنا کر لے آیا اور اُس عورت نے رسول اللہ ﷺ کو بھیج دیا اور آپؐ کے اِرشاد کے مطابق اُسے مسجد میں رکھا گیا اور آپؐ اُس پر بیٹھے۔
صحیح بخاری 2095
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد بن ایمن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انصار کی ایک عورت نے رسول اللہ ﷺ سے کہا: یا رسول اللہ! کیا میں آپؐ کے لئے ایسی چیز نہ بنوا دوں جس پر آپؐ بیٹھا کریں کیونکہ میرا ایک غلام بڑھئی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تم چاہو (تو بے شک بنوا لو۔) (حضرت جابرؓ نے کہا:) پھر اُس نے آپؐ کے لئے منبر تیار کروایا۔ جب جمعہ کا دن ہوا تو نبی ﷺ اُس منبر پر جو بنوایا گیا تھا بیٹھے تو وہ کھجور جس کے قریب آپؐ پہلے (لوگوں کو) خطبہ دیا کرتے تھے، چلائی، یہاں تک کہ قریب تھا کہ وہ پھٹ جائے۔ تب نبی ﷺ نے اُتر کر اُس پر ہاتھ رکھا۔ پھر اپنے سینے سے لگایا، تو وہ اُس معصوم بچے کی طرح رونے لگی جسے چپ کرایا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ اُسے قرار آیا۔ آنحضرتؐ نے فرمایا: یہ اُس ذکر کی وجہ سے روئی جو وہ سنتی تھی۔