کتاب 34: باب شِرَاءِ الدَّوَابِّ وَالْحَمِيرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2097
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا۔ عبدالوہاب نے ہم کو بتایا۔ عبیداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے وہب بن کیسان سے، وہب بن کیسان نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے ساتھ میں ایک غزوہ میں تھا تو میرے اُونٹ کی رفتار سُست ہوگئی اور وہ تھک گیا تو نبی ﷺ میرے پاس آئے اور فرمایا: جابر! میں نے عرض کیا: جی ہاں۔ فرمایا: تمہارا کیا حال ہے؟ میں نے کہا: اُونٹ چلنے میں سُست ہوگیا ہے اور تھک گیا ہے۔ اِس لئے میں پیچھے رہ گیا ہوں۔ تب آپؐ سواری سے اُتر کر اس کو اپنی کھونٹی سے کھینچنے لگے۔ پھر فرمایا: سوار ہو جائو۔ تو میں سوار ہوا۔ میں نے دیکھا کہ وہ اتنا تیز ہوگیا کہ رسول اللہ ﷺ سے بھی آگے بڑھنے لگا، جس پر مجھے اسے روکنا پڑا۔ پھر آنحضرتؐ نے مجھ سے دریافت فرمایا: کیا تم نے نکاح کر لیا ہے؟ میں نے عرض کیا: جی ہاں۔ فرمایا: کنواری یا بیوہ سے؟ میں نے کہا: (کنواری سے نہیں) بلکہ بیوہ سے۔ فرمایا: نوجوان (باکرہ) سے کیوں (شادی) نہ کی کہ تو اُس سے کھیلتا اور وہ تجھ سے کھیلتی؟ میں نے کہا: میری کچھ بہنیں ہیں اور میں نے پسند کیا کہ ایسی عورت سے شادی کروں جو اُن کی دلجوئی کرے، کنگھی کرے اور اُن کی پرورش کرے۔ فرمایا: دیکھو تم اب گھر پہنچنے والے ہی ہو۔ جب پہنچو تو عقلمندی سے اِحتیاط سے کام لینا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: کیا تم اپنا یہ اُونٹ بیچو گے؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ تو آپؐ نے وہ مجھ سے ایک اوقیہ چاندی پر خرید لیا۔ پھر رسول اللہ ﷺ مجھ سے پہلے (مدینہ) پہنچے اور میں اگلی صبح کو پہنچا۔ ہم مسجد میں آئے تو میں نے آپؐ کو مسجد کے دروازے پر پایا۔ آپؐ نے فرمایا: اب پہنچے؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ فرمایا: اپنا اُونٹ چھوڑ دو اور مسجد میں جاکر دو رکعت نماز پڑھو۔ چنانچہ میں اندر گیا اور نماز پڑھی۔ حضرت بلالؓ سے آپؐ نے فرمایا: اسے ایک اوقیہ تول کر چاندی دے دو۔ حضرت بلالؓ نے تول کر مجھے دے دی اور تول میں ترازو کو جھکایا۔ پھر میں پیٹھ موڑ کر چلا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: جابرؓ کو میرے پاس آنے کے لئے بلائو۔ میں نے (دل میں) کہا: اب آپؐ (میرا) اُونٹ مجھے واپس کردیں گے اور مجھے اس (واپسی) سے بڑھ کر اور کوئی بات ناپسند نہ تھی۔ فرمایا: اپنا اُونٹ لے لو اور اس کی قیمت بھی تمہاری ہے۔