کتاب 40: باب التِّجَارَةِ فِيمَا يُكْرَهُ لُبْسُهُ لِلرِّجَالِ وَالنِّسَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2104
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ ابوبکر بن حفص نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سالم بن عبداللہ بن عمرؓ سے، انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو ایک ریشمی جوڑا یا دھاری دار ریشمی جوڑا بھیجا تو آپؐ نے دیکھا کہ وہ پہنے ہوئے ہیں تو آنحضرتؐ نے فرمایا: میں نے آپؓ کو یہ اِس لئے نہیں بھیجا تھا کہ آپؓ اِسے پہنیں۔ یہ تو صرف وہی پہنتا ہے جو آخرت کی برکات سے بے نصیب ہو۔ میں نے تو آپؓ کو اس لئے بھیجا تھا کہ آپؓ اِس سے فائدہ اُٹھائیں یعنی اِسے بیچیں۔
صحیح بخاری 2105
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے حضرت عائشہؓ امّ المومنین رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ حضرت عائشہؓ نے بتایا کہ انہوں نے ایک تکیہ خریدا، جس میں تصویریں تھیں۔ جب رسول اللہ ﷺ نے اُسے دیکھا تو دروازے پر کھڑے رہے اور اندر نہ آئے۔ میں نے آپؐ کے چہرے سے ناپسندیدگی کا اثر محسوس کیا۔ تو میں نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ اور اُس کے رسول ﷺ کے حضور توبہ کرتی ہوں۔ میں نے کیا قصور کیا ہے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ تکیہ کیسا ہے؟ میں نے عرض کیا کہ میں نے اسے آپؐ کے لئے خریدا ہے کہ آپؐ اِس پر بیٹھیں اور تکیہ لگائیں۔ تو رسول اللہ ﷺ نے (میری بات سن کر) فرمایا: اِن تصویروں کے بنانے والوں کو قیامت کے دن سزا دی جائے گی اور اُن سے کہا جائے گا: جو تم نے بنایا ہے اس میں جان بھی ڈالو۔ اور فرمایا: وہ گھر جس میں تصویریں ہوں ملائکہ اس میں داخل نہیں ہوتے۔