کتاب 46: باب إِذَا كَانَ الْبَائِعُ بِالْخِيَارِ، هَلْ يَجُوزُ الْبَيْعُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2113
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، انہوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: کسی بائع اور مشتری کے درمیان اس وقت تک بیع مکمل نہیں ہوتی جب تک کہ وہ ایک دوسرے سے جدا نہ ہو جائیں، ایسی بیع کے سِوا جس میں فسخ کرنے کا اِختیار ہو۔
صحیح بخاری 2114
اسحاق (بن منصور) نے مجھ سے بیان کیا کہ حبان نے ہمیں بتایا کہ ہمام نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالخلیل سے، ابوالخلیل نے عبداللہ بن حارث سے، عبداللہ نے حضرت حکیم بن حزامؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا کہ بائع اور مشتری فسخ کا اختیار رکھتے ہیں جب تک کہ وہ جدا نہ ہوجائیں۔ ہمام نے کہا: میں نے اپنی کتاب میں یوں لکھا ہی پایا ہے: تین بار وہ اختیار رکھتا ہے۔ پس اگر ان دونوں نے سچائی سے کام لیا اور کھول کر بات کی تو ان دونوں کے لئے ان کی خرید و فروخت میں برکت دی جائے گی اور اگر جھوٹ سے کام لیا اور (سودے میں) عیب کو چھپایا تو ہو سکتا ہے کہ وہ دونوں تھوڑا سا نفع اُٹھائیں۔ لیکن ان کی بیع میں برکت نہ ہوگی۔ (حبان نے) کہا: اور ہمام نے ہم سے بیان کیا کہ ابوالتیاح نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے عبداللہ بن حارث سے سنا۔ وہ یہ حدیث بسند حضرت حکیم بن حزامؓ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں۔