کتاب 49: باب مَا ذُكِرَ فِي الأَسْوَاقِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2118
محمد بن صباح نے مجھ سے بیان کیا کہ اسماعیل بن زکریا نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن سوقہ سے، انہوں نے نافع بن جبیر بن مطعم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے مجھ سے بیان کیا، کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ کعبہ پر ایک لشکر چڑھائی کرے گا۔ جب وہ بیداء میں پہنچے گا تو اوّل سے لے کر آخر تک سب زمین میں دھنسا دیے جائیں گے (حضرت عائشہؓ) کہتی تھیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! وہ اوّل سے آخر تک کیسے دھنس جائیں گے؟ جبکہ وہاں منڈیاں بھی ہوں گی اور ایسے لوگ بھی ہوں گے جو اُن (لشکریوں) میں سے نہیں ہوں گے۔ فرمایا: وہ اوّل سے آخر تک دھنسا دئیے جائیں گے۔ پھر اپنی اپنی نیتوں کے مطابق اُٹھائے جائیں گے۔
صحیح بخاری 2119
قُتَیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے جو شخص (مسجد میں) باجماعت نماز اَدا کرے، اُس کو بیس سے چند درجے زائد فضیلت ہے، بہ نسبت اُس نماز کے جو بازار میں یا اپنے گھر میں پڑھتا ہے اور یہ اِس لئے کہ جب اس نے اچھی طرح وضو کیا اور پھر نماز ہی کی نیت سے مسجد میں آیا ہے اور صرف نماز ہی اُسے اُٹھاتی ہے تو جو قدم وہ اُٹھاتا ہے، اُس قدم کے ساتھ ضرور اُس کا ایک درجہ بلند ہوجاتا ہے یا اُس کی غلطی کم کردی جاتی ہے اور پھر ملائکہ تم میں سے ایک کے لئے اس وقت تک دعائے رحمت کرتے رہتے ہیں جب تک وہ اپنی جگہ میں رہے جہاں وہ نماز پڑھتا ہے۔ (اور کہتے ہیں:) اے اللہ! اسے اپنی خاص رحمت سے نواز۔ اے اللہ! اس پر رحم فرما۔ یہ دعا اُس وقت تک جاری رہتی ہے جب تک کہ وہ بے وضو نہ ہو، (یا) وہاں کسی کو تکلیف نہ دے۔ اور آپؐ نے فرمایا: تم میں سے ہر ایک نماز ہی میں ہوتا ہے جب تک کہ نماز اُسے روکے رکھے۔
صحیح بخاری 2120
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید طویل سے، حمید نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ بازار میں تھے کہ ایک شخص نے پکارا: اے ابوالقاسم! نبی ﷺ نے اُس کی طرف مڑ کر دیکھا تو اُس نے کہا: میں نے تو اس (دوسرے شخص) کو بلایا ہے۔ اس پر نبی ﷺ نے فرمایا: میرے نام پر نام رکھو، لیکن میری کنیت نہ رکھو۔
صحیح بخاری 2121
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ زُہَیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید سے، حُمَید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے بقیع میں آواز دی: اے ابوالقاسم! تو نبی ﷺ نے اس کی طرف مڑ کر دیکھا۔ اُس نے کہا: میں نے آپؐ کو نہیں پکارا۔ تو آپؐ نے فرمایا: میرے نام پر نام رکھو مگر میری کنیت نہ رکھو۔
صحیح بخاری 2122
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ بن ابی یزید سے، عبیداللہ نے نافع بن جبیر بن مطعم سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ دوسی رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ دن کے (پچھلے) پہر نکل کر جانے لگے۔ نہ آپؐ مجھ سے بات کرتے، نہ میں آپؐ سے بات کرتا؛ یہاں تک کہ آپؐ بنی قینقاع کے بازار میں آئے اور حضرت فاطمہؓ کے صحنِ مکان میں بیٹھ گئے اور فرمایا: کیا بچہ یہیں ہے؟ کیا بچہ یہیں ہے؟ (آپؐ کی مراد حضرت حسنؓ سے تھی) تو (حضرت فاطمہؓ نے) کچھ دیر اُسے روکے رکھا۔ جس سے میں سمجھا کہ وہ اسے ہار پہنا رہی ہیں یا نہلا رہی ہیں۔ اِتنے میں وہ دوڑا آیا۔ اس کے آتے ہی آپؐ نے اسے گلے لگایا اور اسے بوسہ دیا اور فرمایا: اے اللہ! اسے اپنا محبوب بنائیو اور اس شخص سے بھی محبت کرئیو جو اِس سے محبت رکھے۔ سفیان نے کہا: عبید اللہ نے مجھے خبر دی کہ انہوں نے نافع بن جبیر کو دیکھا تھا۔ وہ ایک رکعت وتر پڑھتے تھے۔
صحیح بخاری 2123
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا کہ ابوضمرہ (انس بن عیاض) نے ہمیں بتایا کہ موسیٰ بن عقبہ نے نافع سے روایت کرتے ہوئے ہم سے بیان کیا کہ حضرت ابن عمرؓ نے ہمیں بتایا کہ لوگ نبی ﷺ کے زمانے میں قافلے والوں سے غلہ خریدا کرتے تھے۔ تو آپؐ اُن کے پاس کسی کو بھیجتے جو اُن کو غلہ وہیں بیچنے سے منع کرتا، جہاں انہوں نے خریدا ہے؛ جب تک کہ وہ غلہ وہاں نہ لے آئیں جہاں وہ بیچا جاتا ہے۔
صحیح بخاری 2124
(نافع نے) کہا: اور حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے اِس بات سے منع فرمایا ہے کہ غلہ اُسی وقت بیچا جائے جس وقت کسی نے اسے خریدا ہو؛ جب تک کہ وہ اس پر پورا قبضہ نہ کر لے۔