کتاب 50: باب كَرَاهِيَةِ السَّخَبِ فِي السُّوقِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2125
محمد بن سنان نے ہم سے بیان کیا کہ فلیح نے ہمیں بتایا کہ حلال (بن علی) نے عطا ء بن یسار سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص سے ملا اور کہا کہ آپؓ مجھے رسول اللہ ﷺ کی صفت بتائیں جو تورات میں آئی ہے۔ انہوں نے میری درخواست کو منظور کرتے ہوئے کہا: بخدا آپؐ کی بعض صفات تورات میں وہی مذکور ہیں جن کا ذکر قرآن میں ہے: (مثلاً) اے نبیؐ ہم نے تجھے بطور شاہد اور مبشر اور نذیر بھیجا ہے (اس کے علاوہ اس کی یہ صفات بھی مذکور ہیں کہ) اور اُمیوں کیلئے بطور تعویذ کے بھیجا ہے۔ تو میرا بندہ اور میرا رسول ہے۔ میں نے تیرا نام متوکل رکھا۔ وہ بدخُلق درشت کلام نہیں اور نہ سخت دل اور نہ بازاروں میں شور مچانے والا اور نہ بدی کا بدلہ بدی سے دیتا ہے، بلکہ معاف کرتا اور پردہ پوشی کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس وقت تک اسے وفات نہیں دے گا جب تک کہ وہ ٹیڑھی قوم سیدھی نہ کر دے یعنی لوگ یہ اقرار نہ کریں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ (اللہ تعالیٰ کی شریعت) کے ذریعہ سے اندھی آنکھوں کو بینا اور بہرے کانوں کو شنوا اور غلافوں میں لپٹے ہوئے دلوں کو کھول دے گا۔ عبدالعزیز بن ابی سلمہ نے ہلال سے روایت کرتے ہوئے فلیح کی طرح یہ حدیث بیان کی اور سعید (بن ابی ہلال) نے بسند عطاء ہلال سے یوں نقل کی کہ ابن سلام سے مروی ہے۔ غُلْفٌ کے معنی ہیں: ہر وہ شئے جو غلاف میں ہو۔ چنانچہ جب تلوار میان میں ہو تو کہتے ہیں: سَیْفٌ اَغْلَفُ اور کمان جب پردے میں ہو تو کہتے ہیں: قَوْسٌ غَلْفَآئُ اسی طرح کہتے ہیں: رَجُلٌ اَغْلَفُ۔ وہ مرد جس کا ختنہ نہ ہوا ہو۔