کتاب 53: باب بَرَكَةِ صَاعِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَمُدِّهِمْ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2129
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ عمرو بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عباد بن تمیم انصاری سے، عباد نے حضرت عبد اللہ بن زید رضی اللہ عنہ سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ حضرت ابراہیمؑ نے مکہ کو حرم قرار دیا تھا اور اس کے لئے دعا کی اور میں نے مدینہ کو حرم قرار دیا ہے، اس طرح جس طرح کہ حضرت ابراہیمؑ نے مکہ کو حرم قرار دیا تھا اور میں نے اِس کے لئے دعا کی ہے۔ اس کے مُدّ کے لئے اور اس کے صاع کے لئے ویسی دعا جیسی حضرت ابراہیم علیہ السلام نے مکہ کے لئے کی ہے۔
صحیح بخاری 2130
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے دعا کی: اے اللہ ! ان کے یعنی اہل مدینہ کے مآپ میں برکت دے اور ان کے صاع میں اور مُدّ میں برکت دے۔