کتاب 54: باب مَا يُذْكَرُ فِي بَيْعِ الطَّعَامِ وَالْحُكْرَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2131
اسحاق بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا کہ ولید بن مسلم نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے اوزاعی سے، اوزاعی نے زُہری سے، زُہری نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ (حضرت ابن عمر) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے اُن لوگوں کو دیکھا ہے جو اناج یونہی بغیر ماپ تول کے خریدتے تھے۔ نبی ﷺ کے زمانے میں انہیں اِس لئے پیٹا جاتا کہ اِس اناج کو اپنے اپنے ٹھکانوں پر لے جاکر محفوظ کرلینے سے پہلے کیوں بیچتے ہیں۔
صحیح بخاری 2132
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن طائوس سے، ابن طائوس نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے منع فرمایا ہے کہ کوئی شخص اناج بیچے، تا وقتیکہ اس پر پورا قبضہ نہ کر لے۔ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے کہا: یہ کیسے؟ انہوں نے کہا: یہ روپوں کو روپوں کے بدلہ بیچنا ہے، کیونکہ غلہ تو میعاد پر بعد میں دیا جائے گا۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا کہ مُرْجَوْنَ کے معنی ہیں: مُؤَخَّرُوْنَ۔ یعنی تاخیر میں ڈالے ہوئے۔
صحیح بخاری 2133
ابوالولید نے مجھ سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن دینار نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: جو اناج خریدے تو وہ نہ بیچے، جب تک کہ وہ اُس پر قبضہ نہ کر لے۔
صحیح بخاری 2134
علی (بن مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو بن دینار (ان سے) بیان کرتے تھے کہ زُہری سے مروی ہے۔ انہوں نے مالک بن اَوس سے روایت کی کہ انہوں نے (لوگوں سے) پوچھا: کیا کسی کے پاس ریز گاری ہے؟ تو حضرت طلحہؓ (بن عبید اللہ) نے کہا: میرے پاس ہے۔ (انتظار کریں کہ) ہمارا خزانچی (موضع) غابہ سے آجائے۔ سفیان نے کہا: ہمیں زہری سے یہی بات یاد ہے۔ اِس میں کوئی زیادتی نہیں۔ انہوں نے کہا: مالک بن اَوس نے مجھے خبر دی کہ انہوں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بتا رہے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: سونے کا سونے سے مبادلہ سود ہے۔ مگر یوں اور یوں یعنی نقد بہ نقد۔ اور گیہوں کا گیہوں سے مبادلہ بھی سود ہے مگر دست بدست۔ اور کھجور کا کھجور سے مبادلہ بھی سود ہے مگر دست بدست۔ اور جو کا جو سے مبادلہ بھی سود ہے مگر دست بدست۔