کتاب 62: باب بَيْعِ الْمُلاَمَسَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2144
سعید بن عُفَیر نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ لیث (بن سعد) نے مجھے بتایا، کہا: عقیل نے مجھ سے بیان کیا کہ ابن شہاب سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عامر بن سعد نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابو سعید (خدری) رضی اللہ عنہ نے ان کو بتایا۔ رسول اللہ ﷺ نے بیع منابذہ سے منع فرمایا ہے اور یہ اِس طرح ہوا کرتی تھی کہ بائع اپنا قابل فروخت کپڑا دوسرے آدمی کی طرف پھینک دیتا (وہ اس کو یوں ہی لے لیتا) قبل اِس کے کہ وہ کپڑے کو اُلٹا ئے یا اسے دیکھے۔ اور آپؐ نے بیع ملامسہ سے بھی منع فرمایا ہے اور بیع ملامسہ یہ تھی کہ خریدار کپڑے کو صرف چھوئے، دیکھے نہیں۔
صحیح بخاری 2145
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دو طرح کا لباس منع ہے کہ کوئی شخص ایک ہی کپڑے میں گوٹھ مار کر بیٹھے۔ پھر کپڑا اُٹھا کر اسے اپنے کندھے پر ڈال لے اور دو قسم کی بیع بھی منع ہے: ایک چھو کر اور دوسری پھینک کر (یعنی بغیر تحقیق۔)