کتاب 64: باب النَّهْىِ لِلْبَائِعِ أَنْ لاَ يُحَفِّلَ الإِبِلَ وَالْبَقَرَ وَالْغَنَمَ وَكُلَّ مُحَفَّلَة
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2148
(یحيٰ) بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جعفر بن ربیعہ سے، انہوں نے (عبدالرحمن بن ہرمز) اعرج سے روایت کی کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے نبی ﷺ سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ اُونٹ اور بکری کا دودھ تم نہ روکے رکھا کرو اور جو ان کو اس کے بعد خریدے تو اسے دو باتوں کا اختیار ہے۔ چاہے تو وہ ان کا دودھ دوہ کر رکھ لے اور چاہے تو ردّ کردے اور (بصورت ردّ) ایک صاع کھجور بھی دے۔ ابوصالح اور مجاہد اور ولید بن رباح اور موسیٰ بن یسار سے مذکور ہے۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے ایک صاع کھجور نقل کیا اور ان میں سے بعض نے کہا کہ ابن سیرین سے ایک صاع اناج مروی ہے۔ (انہوں نے کہا:) پھر اسے تین دن تک اختیار ہے اور بعض نے کہا کہ ابن سیرین سے ایک صاع کھجور مروی ہے اور تین دن کا انہوں نے ذکر نہیں کیا اور (ایک صاع) کھجور اکثر (روایات میں) وارد ہوا ہے۔
صحیح بخاری 2149
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ ابوعثمان نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: جو ایسی بکری خریدے جس کا دودھ روک کر جمع کیا گیا ہو اور پھر اسے واپس کر دے تو چاہیے کہ وہ اس کے ساتھ ایک صاع کھجور بھی دے اور نبی ﷺ نے منع فرمایا ہے کہ تاجروں کو آگے جا کر ملا جائے۔
صحیح بخاری 2150
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا) کہ (امام) مالکؒ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قافلہ کے سواروں کو (جو مال بیچنے کے لئے لائیں) آگے جا کر نہ ملا کرو اور نہ تم میں سے کوئی ایک دوسرے کی بیع پر بیع کرے اور فریب دینے کی غرض سے نرخ نہ بڑھائو اور نہ شہری غیر شہری کا مال (لاد کر) بیچے اور بکری کا دودھ تھن میں نہ روکا کرو اور جو ایسی بکری خریدے تو اُسے دو باتوں میں سے ایک بات کا اختیار ہے۔ اس کا دودھ دوہنے کے بعد اگر اسے پسند آئے تو اسے روک لے۔ اگر ناپسند ہے تو اسے مع ایک صاع کھجور کے واپس کردے۔