کتاب 67: باب الْبَيْعِ وَالشِّرَاءِ مَعَ النِّسَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2155
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں زہری سے خبر دی کہ عروہ بن زبیر نے کہا: حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ میرے پاس آئے تو میں نے آپؐ سے (بریرہؓ کے خریدنے کا) ذکر کیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: (بریرہؓ کو) خرید لو اور آزاد کر دو، کیونکہ ترکہ اسی کو ملتا ہے جو آزاد کرے۔ پھر نبی ﷺ شام کے وقت کھڑے ہوئے اور اللہ کی تعریف کی جس کے وہ لائق ہے۔ پھر فرمایا: لوگوں کا کیا حال ہے کہ وہ ایسی شرطیں کرتے ہیں جو اللہ تعالیٰ کی کتاب میں نہیں۔ جس نے ایسی شرط کی جو اللہ تعالیٰ کی کتاب میں نہیں، وہ باطل ہے خواہ سو شرطیں کرے۔ اللہ کی شرط نہایت سچی اور نہایت مضبوط ہے۔
صحیح بخاری 2156
حسان بن ابی عباد نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے نافع سے سنا۔ وہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے تھے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے بریرہؓ کی قیمت (اس کے مالکوں سے) کرائی۔ پھر آنحضرت ﷺ نماز کے لئے نکلے۔ جب آپؐ واپس تشریف لائے تو حضرت عائشہؓ نے کہا کہ انہوں نے بریرہؓ کے بیچنے سے انکار کردیا ہے مگر اس شرط پر کہ ترکہ ان کا ہوگا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ترکہ تو اسے ملتا ہے جو آزاد کرے۔ (ہمام کہتے تھے:) میں نے نافع سے کہا: بریرہؓ کا خاوند آزاد تھا یا غلام؟ تو انہوں نے کہا: مجھے اس کا کوئی علم نہیں۔