کتاب 72: باب مُنْتَهَى التَّلَقِّي
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2166
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے نافع سے اور نافع نے حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم (غلہ لانے والے) قافلوں سے آگے جاکر ملا کرتے اور ان سے غلہ خریدتے تھے تو نبی ﷺ نے ہمیں اس خرید و فروخت سے منع کیا، تاوقتیکہ غلے کو منڈی میں پہنچا دیا جائے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا کہ یہ جگہ منڈی کے بالائی حصے میں تھی اور عبیداللہ کی حدیث میں اس کا واضح بیان ہے۔
صحیح بخاری 2167
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا کہ عبید اللہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: نافع نے حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے مجھ سے بیان کیا، کہا کہ وہ منڈی کے بالائی حصے میں غلہ خریدا کرتے تھے اور پھر وہیں اسی جگہ اسے بیچ دیتے۔ اس پر رسول اللہ ﷺ نے انہیں منع کیا کہ جب تک دوسری جگہ نہ لے جائیں، وہیں اسے فروخت نہ کیا کریں۔