کتاب 73: باب إِذَا اشْتَرَطَ شُرُوطًا فِي الْبَيْعِ لاَ تَحِلُّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2168
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ (امام) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا کہ بریرہؓ میرے پاس آئی اور کہنے لگی کہ میں نے اپنے مالکوں سے اپنی آزادی کی تحریر کروا لی ہے کہ نواَوقیہ چاندی ان کو دی جائے گی۔ ہر سال ایک اوقیہ (اَدا کروں۔) سو آپؓ میری مدد فرمائیں۔ تو میں نے کہا کہ اگر تیرے مالک پسند کریں کہ میں انہیں (یک مشت) دام نقد دے دوں اور تیرا ترکہ لینے کا حق مجھے ہوگا تو مَیں یہ کام کر دیتی ہوں۔ بریرہؓ اپنے مالکوں کے پاس گئی اور اُن سے کہا۔ مگر انہوں نے اس کی یہ بات نہ مانی۔ وہ جب ان کے پاس سے آئی تو رسول اللہ ﷺ بیٹھے ہوئے تھے اور کہا: میں نے ان کے سامنے یہ شرط پیش کی؛ مگر انہوں نے انکار کر دیا ہے، بجز اس کے کہ ترکہ ان کا ہوگا۔ نبی ﷺ نے یہ بات سنی اور حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے یہ واقعہ بیان کیا تو آپؐ نے فرمایا: اسے لے لو اور ترکہ کی شرط ان سے ٹھہرا لو۔ کیونکہ ترکہ کا حق اس کا ہوتا ہے جس نے آزاد کیا ہو۔ حضرت عائشہؓ نے ایسا ہی کیا۔ پھر رسول اللہ ﷺ لوگوں میں کھڑے ہوئے اور اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کرنے کے بعد فرمایا: لوگوں کا کیا حال ہے کہ وہ ایسی شرطیں کرتے ہیں جو کتاب اللہ میں نہیں۔ جو شرط ایسی ہو جو کتاب اللہ میں نہیں، وہ باطل ہے، اگرچہ سو شرطیں ہوں۔ اللہ تعالیٰ کا فیصلہ سچا اور اللہ تعالیٰ کی شرط نہایت مضبوط ہے۔ ترکہ تو اسی کا ہوتا ہے جو آزاد کرے۔
صحیح بخاری 2169
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا (اور کہا) کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ حضرت عائشہؓ امّ المومنین نے ایک لونڈی خریدنی چاہی تاکہ اسے آزاد کریں ؛ تو اس کے مالکوں نے کہا: ہم اسے آپؓ کے ہاتھ اس شرط پر فروخت کرتے ہیں کہ اس کا ترکہ ہمارا ہو۔ حضرت عائشہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے اس کا ذکر کیا تو آپؐ نے فرمایا: یہ بات تمہیں (ترکہ لینے سے) روک نہیں سکتی۔ کیونکہ ترکہ تو اس کا ہوتا ہے جو آزاد کرے۔