کتاب 75: باب بَيْعِ الزَّبِيبِ بِالزَّبِيبِ وَالطَّعَامِ بِالطَّعَامِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2171
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے مزابنہ سے منع فرمایا ہے۔ مزابنہ یہ ہے کہ کھجور کے تازے پھل کے بدلے خشک کھجور ماپ کر بیچی جائے اور منقہ ان انگوروں کے بدلے جو بیل پر ہیں، ماپ کر بیچا جائے۔
صحیح بخاری 2172
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے مزابنہ سے منع فرمایا ہے۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا کہ مزابنہ یہ ہے کہ درخت پر (کھجور کا) میوہ خشک (پختہ) میوے کے بدلے میں ماپ کر اِس شرط پر بیچا جائے، اگر بڑھ گیا تو میرا ہوگا اور اگر کم ہوا تو اس کا نقصان مجھ پر ہے۔
صحیح بخاری 2173
(حضرت عبد اللہ بن عمرؓ نے) کہا کہ حضرت زید بن ثابتؓ نے مجھ سے بیان کیا کہ نبی ﷺ نے عرایا کی اجازت دی ہے کہ اندازہ سے ان کو بیچ دیا جائے۔