کتاب 78: باب بَيْعِ الْفِضَّةِ بِالْفِضَّةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2176
عبیداللہ بن سعد (بن ابراہیم قرشی بغدادی) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے چچا (یعقوب بن ابراہیم) نے ہمیں بتایا کہ میرے بھتیجے (محمد بن عبداللہ بن مسلم) زُہری نے اپنے چچا (محمد بن مسلم زُہری) سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سالم بن عبداللہ نے بتایا۔ انہوں نے (اپنے باپ) حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ حضرت ابوسعید خدری ؓ نے ایسی ہی حدیث رسول اللہ ﷺ سے بیان کی۔ چنانچہ حضرت عبداللہ بن عمر ؓ (جب) ان سے ملے تو کہا: اے ابوسعید ؓ! یہ کیا بات ہے جو آپ ؓ رسول اللہ ﷺ سے روایت کرتے ہیں۔ تو حضرت ابوسعید ؓ نے کہا: صرافی (یعنی روپیہ اشرفیاں بدلوانے یا تڑوانے) کے بارے میں مَیں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے سنا ہے: سونا سونے کے بدلے اور چاندی چاندی کے بدلے برابر لئے دئیے جائیں۔
صحیح بخاری 2177
عبد اللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ (امام) مالکؒ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: سونا سونے کے بدلے نہ بیچو مگر یہ کہ برابر ہو، اور ایک کو دوسرے سے کم و بیش نہ کرو، اور چاندی چاندی کے بدلے نہ بیچو مگر برابر، اور ایک کو دوسرے سے کم و بیش نہ کرو، اور نہ ان میں سے غیر موجود کو موجود (نقد) سے بیچو۔