کتاب 95: بَابُ مَنْ أَجْرَى أَمْرَ الأَمْصَارِ عَلَى مَا يَتَعَارَفُونَ بَيْنَهُمْ فِي الْبُيُوعِ وَالإِجَارَةِ وَالْمِكْيَالِ، وَالْوَزْنِ، وَسُنَنِهِمْ عَلَى نِيَّاتِهِمْ وَمَذَاهِبِهِمِ الْمَشْهُورَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2210
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے حمید طویل سے، حمید نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا کہ ابوطیبہ نے رسول اللہ ﷺ کو پچھنے لگائے تو رسول اللہ ﷺ نے اسے ایک صاع کھجور دینے کے لئے فرمایا اور اس کے مالکوں سے فرمایا کہ اس کے محصول سے کچھ کم کر دیں۔
صحیح بخاری 2211
ابونعیم (فضل بن دکین) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ ہند نے جو معاویہ کی ماں تھیں، رسول اللہ ﷺ سے کہا کہ ابوسفیان بڑا کنجوس آدمی ہے۔ تو کیا اس صورت میں مجھ پر کوئی گناہ ہوگا کہ اس کے مال سے پوشیدہ طور پر کچھ لے لوں؟ آپؐ نے فرمایا کہ تم اتنا مال لے لو جو ملکی دستور کے مطابق تجھے اور تیرے بیٹوں کو کافی ہو سکے۔
صحیح بخاری 2212
اسحاق (بن منصور) نے مجھ سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن نمیر نے ہمیں بتایا کہ ہشام نے ہمیں خبر دی۔ اس کی دوسری سند یوں ہے: اور محمد بن سلام (بیکندی) نے مجھ سے بیان کیا، کہا کہ عثمان بن فرقد سے مَیں نے سنا۔ انہوں نے کہا: ہشام بن عروہ سے میں نے سنا۔ وہ اپنے باپ سے روایت کرتے تھے کہ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا۔ وہ کہتی تھیں کہ آیت وَمَنْ کَانَ غَنِیًّا۔۔۔۔ یتیم کے اس سرپرست کے بارے میں نازل ہوئی ہے جو اس کا نگران ہو اور اس کی جائیداد کو اچھی حالت میں رکھتا ہو۔ اگر وہ محتاج ہو تو دستور کے مطابق اس سے کھا سکتا ہے۔