کتاب 103: باب لاَ يُذَابُ شَحْمُ الْمَيْتَةِ وَلاَ يُبَاعُ وَدَكُهُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2223
(عبداللہ بن زبیر) حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ ہم سے سفیان (بن عیینہ) نے بیان کیا کہ عمرو بن دینار نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ طائوس نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت عمرؓ کو اطلاع پہنچی کہ فلاں نے شراب بیچی ہے۔ انہوں نے کہا: اللہ تعالیٰ فلاں کو ہلاک کرے۔ کیا اسے معلوم نہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے کہ اللہ یہود کو تباہ کرے۔ ان پر چربیاں حرام کی گئی تھیں تو انہوں نے وہ پگھلائیں اور بیچیں۔
صحیح بخاری 2224
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا کہ یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے ہمیں خبر دی۔ (انہوں نے کہا:) سعید بن مسیب سے میں نے سنا۔ وہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ یہود کو تباہ کرے ان پر چربیاں حرام کی گئی تھیں تو انہوں نے وہ بیچیں اور ان کی قیمتیں کھائیں۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: قَاتَلَُھُمُ اللّٰہُ اللہ کی ان پر لعنت ہو۔ قُتِلَ اس پر لعنت کی گئی۔ الْخَرَّاصُوْنَ جھوٹ بولنے والے۔