کتاب 110: باب بَيْعِ الْمُدَبَّرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2230
(محمد بن عبداللہ) بن نمیر نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل (بن ابی خالد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سلمہ بن کہیل سے، سلمہ نے عطاء سے، عطاء نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے (قرضہ اَدا کرنے کی غرض سے) ایسے غلام کو بیچا، جسے موت کے بعد آزاد قرار دینے کا فیصلہ کر دیا گیا تھا۔
صحیح بخاری 2231
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا کہ عمرو (بن دینار) سے مروی ہے کہ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے اُسے (یعنی مدبر غلام کو) بیچا۔
صحیح بخاری 2232
زُہیر بن حرب نے مجھ سے بیان کیا کہ یعقوب نے ہمیں بتایا (انہوں نے کہا:) میرے باپ (ابراہیم بن سعد) نے ہم سے بیان کیا کہ صالح (بن کیسان) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ابن شہاب نے بیان کیا۔ عبیداللہ نے ان کو بتایا کہ حضرت زید بن خالد اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہما دونوں نے ان کو خبر دی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ سے ایسی لونڈی کی بابت پوچھا گیا جو بدکار ہو اور وہ نکاح شدہ نہ ہو۔ فرمایا: اسے کوڑے لگاؤ۔ پھر اگر بدکاری کرے تو پھر کوڑے لگاؤ۔ پھر (اگر باز نہ آئے تو) اسے بیچ دو۔ یہ تیسری بار کے بعد فرمایا یا چوتھی بار کے بعد۔
صحیح بخاری 2233
زُہیر بن حرب نے مجھ سے بیان کیا کہ یعقوب نے ہمیں بتایا (انہوں نے کہا:) میرے باپ (ابراہیم بن سعد) نے ہم سے بیان کیا کہ صالح (بن کیسان) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ابن شہاب نے بیان کیا۔ عبیداللہ نے ان کو بتایا کہ حضرت زید بن خالد اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہما دونوں نے ان کو خبر دی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ سے ایسی لونڈی کی بابت پوچھا گیا جو بدکار ہو اور وہ نکاح شدہ نہ ہو۔ فرمایا: اسے کوڑے لگائو۔ پھر اگر بدکاری کرے تو پھر کوڑے لگائو۔ پھر (اگر باز نہ آئے تو) اسے بیچ دو۔ یہ تیسری بار کے بعد فرمایا یا چوتھی بار کے بعد۔
صحیح بخاری 2234
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ لیث نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سعید (بن ابی سعید) سے، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہ ص سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے سنا کہ جب تم میں سے کسی کی لونڈی زنا کرے اور اُس کا زنا ثابت ہوجائے تو بموجب حدّ اس کو کوڑے لگائے جائیں تو اُسے برا بھلا نہ کہے۔ پھر اگر زنا کرے تو بموجب حد پھر کوڑے لگائے اور اسے برا بھلا نہ کہے۔ پھر اگر تیسری دفعہ زنا کرے اور اس کا زنا ثابت ہوجائے تو چاہیے کہ اسے بیچ دے، خواہ بالوں کی ایک رسی ہی کے بدلے بکے۔