کتاب 111: باب هَلْ يُسَافِرُ بِالْجَارِيَةِ قَبْلَ أَنْ يَسْتَبْرِئَهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2235
عبدالغفار بن دائود نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبدالرحمن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن ابی عمرو سے روایت کی۔ عمرو نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے کہا: نبی ﷺ خیبر میں آئے، جب اللہ تعالیٰ نے آپؐ کے لئے قلعہ فتح کردیا تو صفیہؓ بنت حي بن اخطب کی خوبصورتی کا ذکر آپؐ سے کیا گیا اور ان کا خاوند قتل ہوچکا تھا اور وہ دلہن ہی تھیں۔ تو رسول اللہ ﷺ نے انہیں اپنے لئے چن لیا اور آپؐ انہیں لے کر نکلے؛ یہاں تک کہ ہم سد الروحاء میں پہنچے تو وہ حیض سے فارغ ہوئیں اور وہاں ان کا رخصتانہ ہوا۔ پھر حیس (طعام) تیار کروایا اور چھوٹے سے دسترخوان پر رکھوایا۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو تمہارے آس پاس ہوں، ان کو اطلاع کردو کہ وہ آجائیں۔ یہ رسول اللہ ﷺ کا ولیمہ تھا جو حضرت صفیہؓ (کی شادی) کے موقع پر ہوا۔ پھر ہم مدینہ کی طرف روانہ ہوئے۔ (حضرت انسؓ نے) کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ عباء سے اُن (حضرت صفیہؓ ) کے لئے اپنے پیچھے گدّا بنا دیتے تھے اور پھر اُونٹ کے قریب بیٹھتے اور اپنا گھٹنا نیچے رکھتے اور حضرت صفیہؓ اپنا پائوں آپؐ کے گھٹنے پر رکھ کر سوار ہو جاتیں۔