کتاب 37: كتاب الإجارة
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2260
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ابوبردہ (برید بن عبد اللہ) سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میرے دادا ابوبردہ (عامر) نے اپنے باپ حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: وہ دیانت دار خزانچی بھی صدقہ دینے والوں کا ثواب پائے گا جو بطیب خاطر اِتنا دیدے جتنا اسے دینے کا حکم ہوا ہو۔
صحیح بخاری 2261
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے قرہ بن خالد سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا، کہا: مجھ سے حمید بن ہلال نے بیان کیا کہ ہم سے ابوبردہ نے، انہوں نے حضرت ابوموسیٰ (اشعری) ص سے، انہوں نے کہا: میں (یمن سے) نبی ﷺ کے پاس حاضر ہوا اور میرے ساتھ اشعر قبیلے کے دو شخص تھے۔ (جو کسی خدمت کے طلبگار تھے۔ انہوں نے آنحضرتؐ سے اس کی درخواست کی۔) میں نے عرض کیا: مجھے علم نہیں تھا کہ یہ دونوں کام کی خواہش رکھتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ہم ایسے لوگوں کو اپنے کام پر نہیں لگاتے جو اس کی خواہش رکھتے ہوں۔ (راوی کہتا ہے کہ نبیﷺ نے کلام کرتے ہوئے) لَنْ نَسْتَعْمِل فرمایا یا لَا نَسْتَعْمِلُ فرمایا۔
صحیح بخاری 2262
احمد بن محمد مکی نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے دادا (سعید بن عمرو) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے کوئی ایسا نبی نہیں بھیجا جس نے بکریاں نہ چرائی ہوں۔ آپؐ کے صحابہؓ نے عرض کیا: (یا رسول اللہ!) کیا آپؐ نے بھی (چرائی ہیں؟) آپؐ نے فرمایا: ہاں، میں بھی چند قیراطوں کے بدلے مکہ والوں کی بکریاں چرایا کرتا تھا۔
صحیح بخاری 2263
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زہری سے، زہری نے عروہ بن زبیر سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) نبی ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ نے بنی دیل (کے قبیلے) کا ایک آدمی ملازم رکھا جو بنی عبد بن عدی (کے خاندان) سے تھا اور وہ بہت ہوشیار راہبر تھا۔ خِرِّیْتٌ کے معنی ہیں راستہ بتانے میں ماہر۔ اس نے بھی عاص بن وائل کے خاندان کے ساتھ معاہدے میں اپنا ہاتھ ڈبویا تھا اور وہ کفارِ قریش کے دین پر تھا۔ (آنحضرتﷺ اور حضرت ابوبکرؓ) دونوں نے اُس پر اِعتماد کیا اور اپنی اونٹنیاں اس کے حوالے کر دیں۔ اور اس سے تین دن کے بعد غارِ ثور پر ملنے کا وعدہ کیا۔ اور وہ ان کے پاس تیسری رات کی صبح کو اُونٹنیاں لے کر آگیا۔ (جب ہجرت کیلئے) دونوں روانہ ہوئے تو ان کے ساتھ عامر بن فہیرہؓ (حضرت ابوبکرؓ کا غلام) اور دیلی قبیلہ کا رہبر بھی ساتھ ہوگیا اور انہیں مکہ کے نچلی طرف سمندر کے کنارے کنارے لے گیا۔
صحیح بخاری 2264
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے عقیل سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ ابن شہاب نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ (ہجرت کے وقت) رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ نے بنی دیل کے (قبیلہ سے) ایک شخص کو ملازم رکھا جو نہایت ہوشیار راہبر تھا اور کفار قریش کے ہی مذہب پر تھا اور اُن دونوں نے اپنی اُونٹنیاں اس کے حوالہ کیں اور اُس سے تین دِن بعد غارِ ثور پر ملنے کا وعدہ ٹھہرایا کہ وہ تیسری رات کی صبح کو ان کی اُونٹنیاں لے کر ان دونوں کے پاس آجائے گا۔
صحیح بخاری 2265
یعقوب بن ابراہیم نے مجھے بتایا کہ اسماعیل بن عُلَیّہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے ہمیں خبر دی، کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صفوان بن یعلیٰ سے، صفوان نے حضرت یعلیٰ بن امیہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں جیش العُسْرَۃ (یعنی جنگ تبوک) میں نبی ﷺ کے ساتھ جنگ میں شامل ہوا تھا اور میرے نزدیک یہ کام میرے اُن اعمال میں سے تھا جو (بلحاظِ ثواب) سب سے بڑھ کر قابل بھروسہ ہو سکتے تھے۔ (میرے ساتھ) میرا ایک مزدور بھی تھا جو ایک آدمی سے لڑ پڑا۔ لڑائی کے دوران ان دونوں میں سے ایک نے اپنے ساتھی کی اُنگلی کاٹ لی۔ جب اس نے اپنی اُنگلی کو زور سے کھینچا تو دوسرے کے دانت کو جھٹکا لگا جس سے وہ گر گیا۔ اس پر وہ نبی ﷺ کے پاس شکایت لے کر گیا۔ آپؐ نے اس کے دانت کا کوئی بدلہ نہ دلایا اور فرمایا: کیا وہ اپنی انگلی تیرے منہ میں رہنے دیتا کہ تو اسے چبا جاتا؟ (ابن جریج) کہتے تھے: میرا خیال ہے کہ آپؐ نے یہ فرمایا: جس طرح سانڈ چباتا ہے۔
صحیح بخاری 2266
ابن جریج نے یہ بھی کہا کہ عبداللہ بن ابی ملیکہ نے بھی اپنے دادا (زُہیر بن عبداللہ) سے روایت کرتے ہوئے اسی قسم کا واقعہ مجھ سے بیان کیا کہ ایک شخص نے دوسرے شخص کے ہاتھ کو کاٹا۔ اس نے اس کا اگلا دانت نکال دیا۔ مگر حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے اس کے دانت کا کوئی بدلہ نہ دلایا۔
صحیح بخاری 2267
ابراہیم بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے انہیں خبر دی، کہا کہ یعلیٰ بن مسلم اور عمرو بن دینار نے سعید بن جبیر سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ ان میں سے ایک اپنے ساتھی سے کچھ بڑھ کر بیان کرتا تھا۔ ابن جریج نے یہ حدیث اَوروں سے بھی سنی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے انہیں بھی سعید (بن جبیر) سے ہی نقل کرتے سنا ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت اُبی بن کعبؓ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے (تفسیر کی خاطر یہ آیت) پڑھی: وہ دونوں چل پڑے اور انہوں نے ایک دیوار پائی جو گرا چاہتی تھی۔ سعید نے کہا کہ (حضرت موسیٰ کے ساتھی نے) اپنے ہاتھ سے اشارہ کیا۔ پھر اپنے ہاتھوں کو اُٹھایا (اور دیوار کو درست کیا) تو وہ ٹھیک ہوگئی۔ یعلیٰ نے کہا: میں سمجھتا ہوں کہ سعید نے یہ بھی کہا تھا کہ (حضرت موسیٰ کے ساتھی نے) اس (دیوار) کو اپنے ہاتھوں سے درست کیا تو وہ ٹھیک ہوگئی۔ (حضرت موسیٰ نے کہا:) اگر تم چاہتے تو اس کام پر مزدوری لے لیتے۔ سعید نے کہا: ایسی اُجرت جس سے ہم کھاتے۔
صحیح بخاری 2268
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تمہاری مثال اور یہود و نصاریٰ کی مثال ایسے شخص کی ہے جس نے کچھ مزدور لگائے اور کہا کہ صبح سے دوپہر تک ایک قیراط پر میرے لیے کون کام کرے گا؟ تب یہود نے کام کیا۔ پھر اُس نے کہا: ایک قیراط پر دوپہر سے لے کر عصر کی نماز تک کون کام کرے گا؟ تو نصاریٰ نے کام کیا۔ پھر اس نے کہا: میرے لئے عصر سے لے کر سورج ڈوبنے تک دو قیراط پر کون کام کرے گا؟ سو وہ تم ہو (جنہوں نے یہ کام کیا۔) اس پر یہود اور نصاریٰ ناراض ہوگئے اور کہنے لگے: عجیب بات ہے کہ زیادہ کام کرنے والے تو ہم ہوں مگر مزدوری کم ملے۔ تب اس شخص نے کہا: کیا میں نے تمہیں تمہارے حق سے کچھ کم دیا ہے؟ انہوں نے کہا: نہیں۔ اس نے کہا: یہ تو میرا انعام ہے جسے چاہتا ہوں دیتا ہوں۔
صحیح بخاری 2269
اسماعیل بن ابی اویس نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے غلام عبداللہ بن دینار سے روایت کی اور انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر بن خطاب رضی اللہ عنہما سے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہاری اور یہود و نصاریٰ کی مثال اس شخص کی ہے جس نے مزدور لگائے اور کہا کہ میرے لئے ایک قیراط پر نصف النہار تک کون کام کرے گا؟ تو یہود نے ایک ایک قیراط پر کام کیا۔ پھر نصاریٰ نے بھی ایک ایک قیراط پر (عصر کی نماز تک) کام کیا۔ اس کے بعد تم وہ لوگ ہو جو عصر کی نماز سے سورج ڈوبنے تک دو دو قیراط پر کام کر رہے ہو۔ اس پر یہود اور نصاریٰ ناراض ہوگئے اور کہنے لگے: ہم نے کام تو زیادہ کیا اور اُجرت کم ملی۔ تب اس شخص نے کہا: کیا میں نے تمہارے حق میں سے کچھ گھٹایا ہے؟ کہنے لگے: نہیں۔ (اس پر) اس نے کہا: یہ میرا انعام ہے جسے چاہتا ہوں دیتا ہوں۔
صحیح بخاری 2270
یوسف بن محمد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ بن سُلَیم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسماعیل بن اُمیہ سے، اسماعیل نے سعید بن ابی سعید سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: تین شخص ہیں جن کا مَیں قیامت کے دِن دشمن ہوں گا۔ ایک وہ شخص جس نے میرا نام لے کر عہد کیا پھر اُس نے دغا کیا اور ایک وہ شخص جس نے آزاد شخص کو پکڑ کر بیچ دیا اور اس کا مول کھایا اور ایک وہ شخص جس نے ایک مزدور رکھا اور اس سے اس نے پورا کام لیا اور اس کو اس کی مزدوری نہ دی۔
صحیح بخاری 2271
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے برید (بن عبداللہ) سے، برید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: مسلمانوں اور یہودیوں اور عیسائیوں کی مثال اس شخص کی سی ہے کہ جس نے کچھ لوگوں کو مقررہ مزدوری پر لگایا کہ وہ اس کے لئے دن بھر کام کریں تو انہوں نے دوپہر تک کام کیا اور کہنے لگے: ہمیں تیری اس مزدوری کی ضرورت نہیں جو تو نے ہم سے ٹھہرائی ہے اور ہم نے جو کچھ کیا وہ اکارت گیا۔ اس نے اُن سے کہا: ایسا نہ کرو۔ اپنا باقی کام بھی پورا کرلو اور اپنی مزدوری پوری لے لو۔ وہ نہ مانے اور (کام) چھوڑ دیا۔ تب اس نے ان کے بعد دو اور مزدور لگائے اور ان سے کہا: تم دونوں آج باقی دن کام کرو اور تمہیں وہی مزدوری ملے گی جو میں نے ان سے ٹھہرائی تھی۔ انہوں نے کام کیا۔ جب عصر کی نماز کا وقت ہوا تو انہوں نے کہا: ہم نے جو تمہارا کام کیا وہ اکارت گیا اور یہ مزدوری جو تو نے ہمارے لئے مقرر کی ہے یہ بھی تیرے لئے رہے۔ اس نے کہا: اپنا باقی ماندہ کام پورا کرلو کیونکہ اب جو دِن باقی ہے وہ تھوڑا سا ہے۔ وہ نہ مانے اور اس نے کچھ اور لوگ مزدوری پر لگائے کہ وہ اس کے لئے باقی دِن کام کریں۔ سو انہوں نے باقی دن کام کیا۔ یہاں تک کہ سورج ڈوب گیا اور انہوں نے دونوں فریقوں کی مزدوری پوری لے لی۔ پس یہ مثال ہے ان کی اور اس نور کی جو انہوں نے قبول کیا ہے۔
صحیح بخاری 2272
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ (زہری نے کہا:) سالم بن عبداللہ نے مجھے بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: ان لوگوں میں سے جو تم سے پہلے تھے، تین آدمی کسی سفر میں نکلے؛ یہاں تک کہ ایک غار میں رات بسر کرنے کے لئے داخل ہوگئے۔ اُوپر سے ایک پہاڑ کا بڑا پتھر گرا اور انہیں غار میں بند کردیا۔ اس پر وہ کہنے لگے: اس پتھر سے ہمیں کوئی نجات نہیں دے گا ہاں تم اللہ سے اپنے نیک اعمال کا واسطہ دے کر دعا کرو (تو یہ مشکل حل ہوسکتی ہے۔) تب ان میں سے ایک شخص نے کہا: اے میرے اللہ! میرے ماں باپ بہت بوڑھے تھے اور میں اُن سے پہلے کسی اور کو دودھ نہ پلاتا تھا، نہ بال بچوں کو نہ نوکروں کو۔ ایک دن میں کسی چیز کی تلاش میں دور نکل گیا اور شام کو اُس وقت واپس آیا کہ وہ سو گئے تھے۔ میں نے ان کے لئے ان کے شام کے پینے کا دودھ دوہا مگر انہیں سویا ہوا پایا، اور میں نے پسند نہ کیا کہ اُن سے پہلے بال بچوں یا لونڈی غلام کو دودھ پلائوں۔ میں ٹھہر گیا۔ پیالہ میرے ہاتھ میں تھا، اُن کے جاگنے کا انتظار کرتا رہا؛ یہاں تک کہ جب خوب صبح ہوگئی اور وہ دونوں جاگ اٹھے تو انہوں نے دودھ پیا۔ اے میرے اللہ! اگر میں نے یہ عمل تیری خوشنودی کے لئے کیا تھا تو اس پتھر کی وجہ سے جس مصیبت میں ہم ہیں، وہ ہم سے دور کر۔ اس پر وہ پتھر کچھ سرک گیا مگر وہ غار سے نکل نہیں سکتے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: دوسرے نے کہا: اے میرے اللہ! میری ایک چچا کی بیٹی تھی جو مجھے بہت ہی پیاری تھی۔ میں نے اسے پھسلانا چاہا، وہ مجھ سے بچتی رہی یہاں تک کہ قحط سالی میں مبتلا ہوئی اور وہ میرے پاس آئی۔ میں نے اسے ایک سو بیس اشرفیاں دیں، اس شرط پر کہ وہ مجھے خلوت میں ملے۔ اس نے ایسا ہی کیا، یہاں تک کہ جب وہ پوری طرح میرے قابو میں آگئی تو وہ کہنے لگی: میں تیرے لئے یہ جائز نہیں قرار دیتی کہ تو اس مہر کو بغیر اس کے جائز حق کے توڑے۔ اس پر میں نے اس سے مباشرت کرنا گناہ سمجھا اور اس سے الگ ہوگیا جبکہ وہ مجھے تمام لوگوں سے زیادہ محبوب تھی اور وہ اشرفیاں بھی مَیں نے اُسی کے پاس رہنے دیں جو میں نے اُسے دی تھیں۔ اے میرے اللہ! اگر میں نے یہ کام تیری خوشنودی کے لئے کیا تھا تو جس مصیبت میں ہم ہیں، وہ ہم سے دُور کردے۔ اس پر وہ پتھر کچھ اور سرک گیا مگر پھر بھی وہ غار سے باہر نکلنے کے قابل نہ تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تیسرے نے کہا: اے میرے اللہ! میں نے کچھ مزدور لگائے اور میں نے اُن کی مزدوری اُن کو دے دی، سوائے ایک شخص کے جو اپنی مزدوری چھوڑ کر چلا گیا۔ میں نے اُس کی مزدوری کو کام پر لگا دیا، یہاں تک کہ اس ذریعہ سے بہت مال ہوگیا۔ پھر وہ ایک عرصہ کے بعد میرے پاس آیا اور اُس نے کہا: اے اللہ کے بندے! میری مزدوری مجھے دے۔ میں نے اُسے کہا: یہ سب اُونٹ، گائیاں، بکریاں اور غلام لونڈی جو تو دیکھ رہا ہے تیری مزدوری ہی ہے۔ اس نے کہا: اے اللہ کے بندے! مجھ سے ہنسی نہ کر۔ میں نے کہا: میں تم سے ہنسی نہیں کررہا۔ تب اس نے ساری چیزیں لے لیں اور انہیں ہانک کر لے گیا اور اس نے اس میں سے کچھ بھی نہ چھوڑا۔ اے میرے اللہ! اگر میں نے تیری رضا کے لئے یہ کام کیا تھا تو جس مصیبت میں ہم ہیں، وہ ہم سے دور کر۔ اس پر وہ پتھر (ان سے اور بھی) ہٹ گیا؛ یہاں تک کہ وہ نکل کر چلے گئے۔
صحیح بخاری 2273
سعید بن یحيٰ بن سعید قریشی نے مجھے بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شقیق سے، شقیق نے حضرت ابومسعود انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ جب ہمیں صدقہ کرنے کا حکم دیتے تو ہم میں سے ایک بازار جاتا اور وہ مزدوری کرتا اور اس طرح ایک مُدّ (اناج) کماتا (جس سے وہ صدقہ کرتا) اور اب ان میں سے بعضوں کے پاس ایک ایک لاکھ (درہم) موجود ہیں۔ (شقیق نے) کہا: ہم سمجھتے ہیں کہ (حضرت ابومسعودؓ نے) اپنا ہی ذکر کیا تھا۔
صحیح بخاری 2274
مسدد نے ہم سے بیان کیا، (کہا) کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن طائوس سے، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) نبی ﷺ نے (اس سے) منع فرمایا ہے کہ قافلے سے آگے بڑھ کر ملا جائے (اور فرمایا:) شہری باہر والے کے لیے نہ بیچے۔ میں نے کہا: اے ابن عباس! آنحضرت ﷺ کے اس قول کا کیا مطلب ہے کہ شہری باہر والے کے لئے نہ بیچے؟ انہوں نے کہا: اس کا یہ مطلب ہے کہ اس کا دلّال نہ بنے۔
صحیح بخاری 2275
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا، (کہا) کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا کہ اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مسلم (بن صبیح) سے، مسلم نے مسروق سے روایت کی (مسروق نے کہا) کہ حضرت خباب (بن اَرت) رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں کاریگر آدمی تھا اور میں نے عاص بن وائل کا کام کیا۔ اس کے پاس میری مزدوری جب اکٹھی ہو گئی، میں اس سے مزدوری کا مطالبہ کرنے کے لئے گیا۔ اس نے کہا: اللہ کی قسم! میں تمہیں (تمہاری مزدوری) ہرگز نہیں دوں گا جب تک کہ تم محمدؐ کا انکار نہ کرو۔ میں نے کہا: دیکھ۔ اللہ کی قسم! تو مر کر بھی جی اُٹھے پھر بھی میں ایسا نہ کروں گا۔ اس نے کہا: کیا سچ مچ مَیں مر کر پھر اُٹھایا جائوں گا؟ میں نے کہا: ہاں۔ اس نے کہا: پھر تو وہاں بھی میرے لئے مال اور اَولاد ہوگی۔ پھر وہیں تیرا قرضہ اَدا کروں گا۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: کیا تو نے اس شخص کو دیکھا جس نے ہماری آیات کا انکار کیا اور کہا کہ ضرور مجھے مال اور اَولاد دی جائے گی۔
صحیح بخاری 2276
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عوانہ نے ہمیں بتایا ی۔ انہوں نے ابو بشر سے، ابو بشر نے ابو المتوکل سے، ابو المتوکل نے حضرت ابو سعید (خدری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے صحابہ میں سے کچھ لوگ (کسی وقت) ایک سفر میں گئے۔ جاتے جاتے عرب کے قبیلوں میں سے ایک قبیلہ کے پاس سے گزرے اور اُن سے کہا: ہمیں مہمان بنائیں۔ مگر انہوں نے ان کو مہمان نہ بنایا۔ اتفاق سے اس قبیلہ کے سردار کو بچھو نے کاٹ کھایا۔ انہوں اُس کے لئے ہر تدبیر سے کوشش کی لیکن کسی چیز نے فائدہ نہ دیا۔ ان میں سے کسی نے کہا: اگر تم ان لوگوں کے پاس چلو جو یہاں اُترے ہیں تو شاید ان میں سے کسی کے پاس کچھ علاج ہو۔ اس پر وہ ان کے پاس گئے اور کہنے لگے: لوگو! ہمارے سردار کو بچھو نے کاٹا ہے۔ ہم نے اس کے لئے بہت تدبیریں کی ہیں، کسی تدبیر نے فائدہ نہیں دیا۔ کیا تم میں سے کسی کے پاس کوئی چیز ہے؟ ان میں سے کسی نے کہا: اللہ کی قسم! میں دم کیا کرتا ہوں ہم نے تم سے چاہا کہ تم ہمیں مہمان بنائو اور تم نے ہمیں مہمان نہ بنایا۔ پس مَیں بھی تمہارے لئے ہرگز دَم نہ کروں گا جب تک کہ تم ہم سے معاوضہ نہ ٹھہرا لو۔ آخر انہوں نے ان کو چند بکریوں پر راضی کر لیا۔ اس پر وہ اُس شخص پر دَم کرکے تھوکنے لگا اور (ساتھ ساتھ) اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْن پڑھتا جاتا، یہاں تک کہ مریض ایسا اچھا ہو گیا کہ گویا اُس کی بندش دُور ہوگئی اور وہ چلنے لگا اور اُس کو کوئی دَرد نہ رہا۔ راوی کہتے تھے: انہوں نے جس مزدوری پر راضی کیا تھا، انہوں نے وہ پوری کی پوری دے دی۔ صحابہ میں سے کسی نے کہا: (معاوضہ کو) تقسیم کر لو۔ جس نے دَم کیا تھا وہ کہنے لگا: جب تک ہم نبیﷺ کے پاس واپس نہ پہنچ جائیں اور جو کچھ واقع ہوا وہ آپؐ سے بیان نہ کرلیں، معاوضہ تقسیم نہیں کرنا چاہیے۔ (یہ مناسب ہے کہ ہم حضورؐ کی خدمت میں پہنچیں) اور معلوم کرلیں کہ حضورؐ اس بارے میں کیا فرماتے ہیں؟ وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور سارا واقعہ بیان کیا۔ آپؐ نے پوچھا: تمہیں کیسے علم ہوا کہ وہ (سورۃ فاتحہ) دَم ہے؟ پھر فرمایا: تم نے اچھا کیا کہ معاوضہ لیا۔ اب اسے آپس میں بانٹ لو اور میرا بھی اپنے ساتھ ایک حصہ رکھ لو۔ پھر نبی ﷺ ہنس پڑے۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: شعبہ نے یوں کہا: ابو بشر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) میں نے ابو المتوکل سے یہی سنا ہے۔
صحیح بخاری 2277
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید طویل سے، حُمَید نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ابوطیبہ نے نبی ﷺ کو پچھنے لگائے اور آپؐ نے (اپنے کارندہ کو) اسے ایک صاع یا دو صاع اناج دینے کے لئے فرمایا اور اُس کے مالکوں سے آپؐ نے سفارش کی تو اُس کے غلہ میں یا (راوی نے کہا کہ) اس کے لگان میں انہوں نے کمی کردی۔
صحیح بخاری 2278
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ وہیب نے ہم سے بیان کیا کہ ابن طائوس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، اور اُن کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے پچھنے لگوائے اور حجام کو اُس کی اُجرت دی۔
صحیح بخاری 2279
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُریع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد سے، خالد نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے پچھنے لگوائے اور حجام کو اُس کی اُجرت دی اور اگر آپؐ مکروہ سمجھتے تو اُسے نہ دیتے۔