کتاب 3: باب مَنْ تَكَفَّلَ عَنْ مَيِّتٍ، دَيْنًا فَلَيْسَ لَهُ أَنْ يَرْجِعَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2295
ابو عاصم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی عبید سے، یزید نے حضرت سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کے پاس ایک جنازہ لایا گیا؛ تا کہ آپؐ اس کی نمازِ جنازہ پڑھیں۔ آپؐ نے پوچھا: کیا اس پر کوئی قرضہ ہے؟ لوگوں نے کہا: نہیں۔ تب آپؐ نے اس کی نمازِ جنازہ پڑھی۔ پھر اس کے بعد ایک اور جنازہ لایا گیا تو آپؐ نے پوچھا: کیا اس پر کوئی قرض ہے؟ لوگوں نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: تم ہی اپنے ساتھی کی نمازِ جنازہ پڑھ لو۔ ابو قتادہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! اس کے قرضہ کا میں ذمہ دار ہوں۔ تب آپؐ نے اس کی نمازِ جنازہ پڑھی۔
صحیح بخاری 2296
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو (بن دینار) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن علی (باقر) سے سنا کہ وہ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے کہ حضرت جابرؓ نے کہا: نبی ﷺ نے (مجھ سے) فرمایا: اگر بحرین سے مال آیا ہوتا تو مَیں تمہیں اس طرح (دونوں لپ بھر کر) اس طرح (اس طرح) دیتا۔ بحرین کا مال نہ آیا اور نبی ﷺ فوت ہوگئے۔ جب بحرین سے مال آیا تو حضرت ابوبکرؓ نے حکم دیا اور منادی کرائی گئی کہ نبی ﷺ کے ذمہ جس کسی کا کوئی وعدہ یا قرضہ ہو تو وہ ہمارے پاس آئے۔ میں بھی اُن کے پاس گیا اور میں نے کہا: نبی ﷺ نے مجھ سے یوں فرمایا تھا تو انہوں نے مجھے ایک لپ بھر کردیا اور میں نے اسے گنا تو وہ پانچ سو تھے اور انہوں نے کہا: اس سے دوگنے اور لے لو۔