کتاب 40: كتاب الوكالة
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2299
قبیصہ (بن عقبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی نجیح سے، انہوں نے مجاہد سے، مجاہد نے عبدالرحمن بن ابی لیلیٰ سے، عبدالرحمن نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا کہ میں ان قربانی کے اونٹوں کی جھولیں اور ان کی کھالیں صدقے میں دے دوں جو ذبح کئے گئے تھے۔
صحیح بخاری 2300
عمرو بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید (بن ابی حبیب) سے، یزید نے ابوالخیر سے، ابوالخیر نے حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ان کو چند بکریاں دیں کہ انہیں آپؐ کے صحابہ میں بانٹ دیں تو ایک سال کا بکری کا بچہ بچ رہا تو انہوں نے نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: تم خود اس کی قربانی دے دو۔
صحیح بخاری 2301
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: یوسف بن ماجشون نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صالح بن ابراہیم بن عبدالرحمن بن عوف سے، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ان کے دادا حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے امیہ بن خلف کو خط لکھا کہ وہ مکہ میں (جو اُس وقت دارالحرب تھا) میرے مال اور بال بچوں کی حفاظت کرے اور میں اس کے مال و اسباب کی مدینہ میں حفاظت کروں گا۔ جب میں نے اپنا نام عبدالرحمن لکھا تو (امیہ نے) کہا: میں عبدالرحمن کو نہیں جانتا۔ تم مجھے اپنا وہ نام لکھو جو جاہلیت میں تھا۔ اس پر میں نے اپنا نام عبدعمرو لکھا۔ جب وہ بدر کی جنگ میں تھا تو میں ایک پہاڑ کی طرف جب لوگ سو چکے تھے نکل گیا؛ تا کہ میں اس کی حفاظت کروں تو بلالؓ نے اسے کہیں دیکھ لیا۔ چنانچہ وہ گئے اور اَنصار کی ایک مجلس میں کھڑے ہوگئے اور کہنے لگے کہ یہ اُمیہ بن خلف ہے۔ اگر بچ نکلا تو میری خیر نہیں۔ اس پر بلالؓ کے ساتھ کچھ لوگ ہمارے تعاقب میں نکلے۔ میں ڈرا کہ وہ ہمیں پالیں گے۔ اس لئے میں نے اس کے بیٹے کو اس کی خاطر پیچھے چھوڑ دیا کہ وہ اس کے ساتھ لڑائی میں مشغول ہو جائیں۔ چنانچہ انہوں نے اس کو مار ڈالا۔ انہوں نے میرا دائو کارگر نہ ہونے دیا اور ہمارا پیچھا کیا۔ اُمیہ چونکہ بھاری بھرکم آدمی تھا (اس لئے جلدی اِدھر اُدھر نہ ہوسکا۔) آخر جب انہوں نے ہمیں پا لیا؛ میں نے اسے کہا: بیٹھ جاؤ تو وہ بیٹھ گیا۔ میں نے اپنے آپ کو اُس پر ڈال دیا کہ اسے بچائوں تو انہوں نے میرے نیچے سے اس کے بدن میں تلواریں گھونپیں؛ یہاں تک کہ اسے مار ڈالا۔ ان میں سے ایک نے اپنی تلوار سے میرے پائوں پر بھی زخم کر دیا۔ (ابراہیم نے کہا:) حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف ہمیں اپنے پائوں کی پشت پر وہ نشان دکھایا کرتے تھے۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: یوسف نے صالح سے سنا اور ابراہیم نے اپنے باپ سے سنا۔
صحیح بخاری 2302
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالمجید بن سہیل بن عبدالرحمن بن عوف سے، انہوں نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوسعید خدری اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک شخص کو خیبر کا عامل مقرر کیا۔ وہ آنحضرت ﷺ کے پاس چیدہ کھجوریں لے آیا تو آپؐ نے پوچھا: کیا خیبر کی ساری کھجوریں ایسی ہی ہوتی ہیں؟ اس نے کہا: ہم { اس کا } ایک صاع دوسری کھجور کے دو صاع اور اس کے دو صاع دوسری کھجور کے تین صاع دے کر خریدتے ہیں تو آپؐ نے فرمایا: ایسا مت کرو۔ پہلے ملی جلی کھجوروں کو نقد روپیہ پر بیچو۔ پھر اس رقم سے عمدہ کھجور خرید لو۔ اور تولنے کی چیزوں میں بھی یہی حکم فرمایا۔
صحیح بخاری 2303
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالمجید بن سہیل بن عبدالرحمن بن عوف سے، انہوں نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوسعید خدری اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک شخص کو خیبر کا عامل مقرر کیا۔ وہ آنحضرت ﷺ کے پاس چیدہ کھجوریں لے آیا تو آپؐ نے پوچھا: کیا خیبر کی ساری کھجوریں ایسی ہی ہوتی ہیں؟ اس نے کہا: ہم {اس کا } ایک صاع دوسری کھجور کے دو صاع اور اس کے دو صاع دوسری کھجور کے تین صاع دے کر خریدتے ہیں تو آپؐ نے فرمایا: ایسا مت کرو۔ پہلے ملی جلی کھجوروں کو نقد روپیہ پر بیچو۔ پھر اس رقم سے عمدہ کھجور خرید لو۔ اور تولنے کی چیزوں میں بھی یہی حکم فرمایا۔
صحیح بخاری 2304
اسحق بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے معتمر سے سنا۔ (کہتے تھے:) عبیداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت کعب بن مالکؓ کے بیٹے سے سنا۔ وہ اپنے باپ کی نسبت بیان کرتے تھے کہ ان کی بکریاں تھیں جو سلع پہاڑ پر چَرا کرتی تھیں۔ ہماری ایک لونڈی نے ہماری بکریوں میں سے ایک بکری کو دیکھا کہ وہ مر رہی ہے۔ اس نے ایک پتھر توڑا اور اُس سے اُس کو ذبح کیا۔ حضرت کعبؓ نے گھر والوں سے کہا: جب تک رسول اللہ ﷺ سے مَیں پوچھ نہ لوں اسے نہ کھانا۔ یا (کہا:) جب تک نبی ﷺ کی طرف کسی کو بھیج کر میں آپؐ سے پچھوا نہ لوں اور انہوں نے نبی ﷺ سے اس کی نسبت پوچھا۔ یا کسی کو بھیج کر پچھوایا۔ آپؐ نے اس کے کھانے کی اجازت دی۔ عبیداللہ کہتے تھے: مجھے یہ بات بہت پسند آئی کہ اس نے لونڈی ہوکر (بکری کو) ذبح کردیا۔ (معتمر کی طرح) عبدۃ (بن سلیمان) نے بھی عبیداللہ (بن عمر العمری) سے یہ روایت بیان کی۔
صحیح بخاری 2305
ابو نعیم (فضل بن دکین) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلمہ بن کُہَیل سے، سلمہ نے ابو سلمہ سے، ابو سلمہ نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص کا یک سالہ اونٹ کا بچہ نبیؐ کے ذمہ قرض تھا۔ وہ آپؐ کے پاس آپؐ سے تقاضا کرنے آیا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے دے دو۔ انہوں نے اس عمر کا اونٹ تلاش کیا۔ یک سالہ تو نہ ملا، اس سے بڑی عمر کا ملا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے (بڑی عمر ہی کا) دے دو۔ اس شخص نے کہا: آپؐ نے (میرے حق سے) بڑھ کر ادا کیا ہے۔ اللہ آپؐ کو بھی بڑھ کر دے۔ نبیؐ نے فرمایا: تم میں اچھے وہی لوگ ہیں جو قرض کی ادائیگی عمدگی سے کرتے ہیں۔
صحیح بخاری 2306
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ سلمہ بن کُہَیل سے مروی ہے (وہ کہتے تھے:) میں نے ابو سلمہ بن عبدالرحمن سے سنا کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے قرض کا تقاضا کرنے لگا۔ لب و لہجہ سخت تھا۔ آپؐ کے صحابہ اُسے مارنے کے لئے لپکے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسے چھوڑ دو؛ کیونکہ حق والا ایسی باتیں کہتا ہی ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: اس کو ویسی عمر کا اونٹ دے دو جیسا کہ اس کا تھا۔ صحابہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! اس سے بہتر ہی ملتا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: وہی دے دو۔ کیونکہ تم میں عمدگی سے قرض ادا کرنے والے ہی بہترین لوگ ہیں۔
صحیح بخاری 2307
سعید بن عُفَیر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیث نے مجھ سے بیان کیا۔ (لیث نے) کہا: عقیل نے مجھے بتایا۔ ابن شہاب سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: اور عروہ کا خیال تھا کہ مروان بن حکم اور حضرت مسور بن مخرمہؓ دونوں نے انہیں بتایا کہ جب ہوازن کے نمائندے مسلمان ہوکر رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے تو آپؐ اُٹھے۔ انہوں نے آپؐ سے درخواست کی تھی کہ ان کے مال اور ان کے قیدی ان کو واپس کر دئیے جائیں تو رسول اللہ ﷺ نے ان سے کہا: سچی بات مجھے بہت ہی پسندیدہ ہے۔ دو باتوں میں سے تم ایک بات اختیار کر لو۔ قیدی (واپس لو) یا مال اور میں نے تو (جعرّانہ میں) ان کا انتظار کیا تھا اور فی الواقعہ رسول اللہ ﷺ جب طائف سے لوٹے تو دس سے کچھ زائد راتیں ان کا انتظار کرتے رہے۔ جب انہیں اچھی طرح معلوم ہوگیا کہ رسول اللہ ﷺ انہیں واپس دینے کے نہیں مگر دو میں سے ایک ہی شئے۔ انہوں نے کہا: پھر ہم اپنے قیدی لیں گے۔ پھر رسول اللہ ﷺ مسلمانوں میں کھڑے ہوئے اور اللہ کی تعریف کی جو اس کے شایان ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: تمہارے یہ بھائی ہمارے پاس توبہ کرکے آئے ہیں اور میں نے مناسب سمجھا ہے کہ ان کے قیدی انہیں واپس کر دوں۔ پس جو شخص تم میں سے خوشی سے واپس کرنا چاہے تو وہ واپس کر دے اور جو تم میں سے یہ چاہے کہ وہ اپنے حصے پر ہی قائم رہے تو وہ بھی واپس کر دے۔ ہم اس کو اس کا حصہ غنیمت سے جو اللہ ہمیں دے گا، دے دیں گے۔ لوگوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کی خاطر ہم نے اپنی خوشی سے یہ (قیدی) یونہی دے دئیے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہمیں پتہ نہیں کہ تم میں سے کس نے اس کی اجازت دی اور کس نے نہیں دی۔ تم لوٹ جاؤ اور تمہارے سربراہ تمہارا فیصلہ ہمارے سامنے پیش کریں۔ اس پر لوگ چلے گئے اور ان کے سربراہوں نے ان سے گفتگو کی۔ پھر وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس لوٹ کر آئے اور انہوں نے آپؐ کو بتایا کہ سب لوگوں نے خوشی سے مانا ہے اور اجازت دی ہے (کہ قیدی واپس کر دئیے جائیں۔)
صحیح بخاری 2308
سعید بن عُفَیر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیث نے مجھ سے بیان کیا۔ (لیث نے) کہا: عقیل نے مجھے بتایا۔ ابن شہاب سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: اور عروہ کا خیال تھا کہ مروان بن حکم اور حضرت مسور بن مخرمہؓ دونوں نے انہیں بتایا کہ جب ہوازن کے نمائندے مسلمان ہو کر رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے تو آپؐ اُٹھے۔ انہوں نے آپؐ سے درخواست کی تھی کہ ان کے مال اور ان کے قیدی ان کو واپس کر دئیے جائیں تو رسول اللہ ﷺ نے ان سے کہا: سچی بات مجھے بہت ہی پسندیدہ ہے۔ دو باتوں میں سے تم ایک بات اختیار کر لو۔ قیدی (واپس لو) یا مال اور میں نے تو (جعرّانہ میں) ان کا انتظار کیا تھا اور فی الواقعہ رسول اللہ ﷺ جب طائف سے لوٹے تو دس سے کچھ زائد راتیں ان کا انتظار کرتے رہے۔ جب انہیں اچھی طرح معلوم ہوگیا کہ رسول اللہ ﷺ انہیں واپس دینے کے نہیں مگر دو میں سے ایک ہی شئے۔ انہوں نے کہا: پھر ہم اپنے قیدی لیں گے۔ پھر رسول اللہ ﷺ مسلمانوں میں کھڑے ہوئے اور اللہ کی تعریف کی جو اس کے شایان ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: تمہارے یہ بھائی ہمارے پاس توبہ کر کے آئے ہیں اور میں نے مناسب سمجھا ہے کہ ان کے قیدی انہیں واپس کر دوں۔ پس جو شخص تم میں سے خوشی سے واپس کرنا چاہے تو وہ واپس کر دے اور جو تم میں سے یہ چاہے کہ وہ اپنے حصے پر ہی قائم رہے تو وہ بھی واپس کر دے۔ ہم اس کو اس کا حصہ غنیمت سے جو اللہ ہمیں دے گا، دے دیں گے۔ لوگوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کی خاطر ہم نے اپنی خوشی سے یہ (قیدی) یونہی دے دئیے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہمیں پتہ نہیں کہ تم میں سے کس نے اس کی اجازت دی اور کس نے نہیں دی۔ تم لوٹ جاؤ اور تمہارے سربراہ تمہارا فیصلہ ہمارے سامنے پیش کریں۔ اس پر لوگ چلے گئے اور ان کے سربراہوں نے ان سے گفتگو کی۔ پھر وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس لوٹ کر آئے اور انہوں نے آپؐ کو بتایا کہ سب لوگوں نے خوشی سے مانا ہے اور اجازت دی ہے (کہ قیدی واپس کر دئیے جائیں۔)
صحیح بخاری 2309
مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عطاء بن ابی رباح اور ان کے سوا اور لوگوں سے بھی روایت کی ہے جو ایک دوسرے سے کچھ زیادہ بیان کرتے تھے اور ان سب میں سے ایک شخص نے بھی اس (حدیث کو مکمل) بیان نہیں کیا۔ حضرت جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے ساتھ مَیں ایک سفر میں تھا۔ میں ایک سُست رفتار اُونٹ پر سوار تھا۔ صرف وہی اونٹ لوگوں کے پیچھے رہتا تھا۔ نبی ﷺ میرے پاس سے گزرے اور آپؐ نے پوچھا: یہ کون ہے؟ میں نے کہا: جابر بن عبداللہ (انصاری) آپؐ نے فرمایا: تمہیں کیا ہوا ہے؟ میں نے کہا: میں ایک سُست رفتار اونٹ پر سوار ہوں۔ آپؐ نے پوچھا: تمہارے پاس چھڑی ہے۔ میں نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے وہ دو۔ میں نے آپؐ کو دی۔ آپؐ نے اس اونٹ کو مارا اور اُسے ڈانٹا تو وہ اس جگہ ایسا چلا کہ سب لوگوں کے آگے نکل گیا۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے یہ قیمتاً دے دو۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ آپؐ کا ہی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: میرے ہاتھ بیچ دو۔ (پھر آپؐ نے خود ہی فرمایا:) میں نے اس کو چار اَشرفیوں پر لے لیا اور تم کو اجازت ہے کہ مدینہ تک اس پر سوار رہو۔ جب ہم مدینہ کے قریب ہوئے، میں ایک اور طرف جانے لگا۔ آپؐ نے پوچھا: کہاں کا قصد ہے؟ میں نے کہا: میں نے ایک عورت سے شادی کی ہوئی ہے جس کا خاوند فوت ہو چکا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: کسی کنواری سے کیوں نہ کی؟ جس سے تم کھیلتے اور وہ تم سے کھیلتی۔ میں نے کہا: میرے باپ فوت ہوگئے اور بیٹیاں چھوڑ گئے تو میں نے چاہا کہ ایسی عورت سے نکاح کروں جو تجربہ کار ہو۔ اس کا خاوند مر گیا ہو۔ آپؐ نے کہا: اچھا یہ بات ہے۔ جب ہم مدینہ پہنچے تو آپؐ نے فرمایا: بلال! (جابر کو) قیمت ادا کر دو اور اسے کچھ زیادہ دو۔ حضرت بلالؓ نے چار دینار دئیے اور ایک قیراط سونا زیادہ دیا۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ کا یہ زیادہ دیا ہوا عطیہ مجھ سے جدا نہیں ہوتا۔ چنانچہ وہ قیراط حضرت جابر بن عبداللہؓ کی تھیلی سے الگ نہ ہوتا تھا۔
صحیح بخاری 2310
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالکؒ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم سے، ابوحازم نے سہل بن سعد سے روایت کی۔ کہتے تھے: ایک عورت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور اس نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے اپنے آپ کو آپؐ کے سپرد کردیا۔ ایک شخص نے کہا: اس کا نکاح مجھ سے کردیجئے۔ آپؐ نے فرمایا: ہم نے تجھ سے اس کا نکاح کردیا، اس قرآن کے عوض جو تجھے یاد ہے۔
صحیح بخاری 2311
اور عثمان بن ہیثم ابوعمرو (بصری) نے کہا: عوف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن سیرین سے، ابن سیرین نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے زکوٰۃِ رمضان کی نگرانی پر مجھے مقرر کیا تو ایک آنے والا میرے پاس آیا اور وہ غلّے سے لپ بھر بھر کر لینے لگا۔ میں نے اس کو پکڑا اور میں نے کہا: خدا کی قسم میں تجھ کو رسول اللہ ﷺ کے پاس لے جائوں گا۔ اس نے کہا: میں محتاج ہوں۔ مجھ پر بال بچوں کا بوجھ ہے اور میں سخت تنگ دستی میں ہوں۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: میں نے اس کو جانے دیا۔ جب میں صبح کو اُٹھا تو نبی ﷺ نے فرمایا: ابوہریرہ! کل رات تمہارے قیدی نے کیا کیا؟ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: میں نے کہا: یا رسول اللہ! اس نے سخت تنگ دستی اور بال بچوں کا شکوہ کیا۔ میں نے اس پر رحم کیا اور اُسے جانے دیا۔ آپؐ نے فرمایا: اس نے تم سے جھوٹ کہا ہے۔ پھر وہ دوبارہ آئے گا اور میں بھی سمجھ گیا کہ وہ ضرور آئے گا۔ کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے کہ وہ دوبارہ آئے گا۔ اس لئے میں اس کی تاک میں بیٹھ گیا۔ اتنے میں وہ آیا اور اناج لپ بھر بھر کر لینے لگا۔ میں نے اسے پکڑ لیا اور کہا: میں تجھے رسول اللہ ﷺ کے سامنے ضرور پیش کروں گا۔ اس نے کہا: مجھے جانے دو۔ کیونکہ میں محتاج ہوں اور عیال دار ہوں۔ اب دوبارہ نہیں آئوں گا۔ مجھے اس پر ترس آیا اور میں نے پھر اُسے جانے دیا۔ صبح جو میں اُٹھا تو رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: ابوہریرہ! تمہارے قیدی نے کیا کیا؟ میں نے کہا: یا رسول اللہ! اس نے سخت تنگ دستی اور بال بچوں کا شکوہ کیا۔ مجھے اس پر رحم آیا اور میں نے اسے جانے دیا۔ آپؐ نے فرمایا: خبردار اس نے تم سے جھوٹ بولا ہے اور وہ پھر آئے گا۔ چنانچہ میں تیسری دفعہ اس کی تاک میں رہا۔ وہ آیا اور لپ بھر بھر کر اناج لینے لگا۔ میں نے اسے پکڑ لیا اور میں نے کہا: میں تجھے رسول اللہ ﷺ کے سامنے پیش کروں گا اور یہ تیسری دفعہ ہے کہ تو کہتا ہے کہ اَب نہیں آئوں گا۔ پھر تو آجاتا ہے۔ اس نے کہا: مجھے چھوڑ دو۔ میں تجھے ایسے کلمات سکھائوں گا کہ جن سے اللہ تجھے فائدہ دے گا۔ میں نے کہا: وہ کیا ہیں؟ اس نے کہا: جب تم سونے کے لئے اپنے بچھونے پر جاؤ تو آیت الکرسی پڑھو (یعنی اللہ ! اس کے سوا اور کوئی معبود نہیں۔ ہمیشہ زندہ رہنے والا اور قائم بالذات ہے۔) تو تم پر اللہ کی طرف سے ایک نگہبان رہے گا اور صبح تک شیطان تیرے قریب نہ آئے گا۔ اس پر میں نے اسے جانے دیا۔ صبح جو میں اُٹھا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہارے قیدی نے کل رات کیا کیا؟ میں نے کہا: یارسول اللہ! اس نے کہا کہ وہ مجھے ایسی باتیں سکھائے گا کہ جس سے اللہ مجھے نفع دے گا تو میں نے اسے جانے دیا۔ آپؐ نے پوچھا: وہ کیا باتیں ہیں؟ میں نے کہا: اس نے مجھے بتایا ہے۔ جب تم اپنے بستر پر سونے لگو تو آیۃ الکرسی کو شروع سے آخر تک پڑھو۔ یعنی اَللّٰہُ لَا اِلٰـہَ اِلَّا ھُوَ اَلْحَيُّ الْقَیُّوْمُ اور اس نے مجھے بتایا کہ ایسا پڑھنے سے تم پر اللہ کی طرف سے ایک نگہبان رہے گا اور صبح تک شیطان تمہارے قریب نہ آئے گا اور صحابہ بھلی بات پر بہت ہی حریص ہوتے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: دیکھو اس نے تم سے سچ کہا ہے، حالانکہ وہ بڑا جھوٹا ہے۔ ابوہریرہ! تم جانتے ہو کہ تین راتوں سے تم کس سے باتیں کرتے رہے ہو؟ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: وہ شیطان ہے۔
صحیح بخاری 2312
اسحق (بن راہویہ) نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ بن صالح نے ہم سے بیان کیا کہ معاویہ بن سلام نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) یحيٰ (بن ابی کثیر) سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے عقبہ بن عبدالغافر سے اور انہوں نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: بلالؓ نبی ﷺ کے پاس برنی کھجوریں لائے تو نبی ﷺ نے ان سے پوچھا: یہ کہاں سے لائے ہو؟ بلالؓ نے کہا: ہمارے پاس ردّی کھجوریں تھیں تو میں نے اس کے بدلے دو صاع دے کر اس میں سے ایک صاع اس لئے خریدا ہے کہ ہم نبی ﷺ کو کھلائیں۔ نبی ﷺ نے یہ سن کر فرمایا: اوہ اوہ۔ یہ تو عین سود ہے۔ {عین سود ہے۔} ایسا نہ کرو۔ لیکن اگر تم (اچھی کھجوریں) خریدنا چاہو تو (ناقص کھجور) بیچ کر پھر اس (کی قیمت) سے (اچھی کھجوریں) خرید لو۔
صحیح بخاری 2313
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عمرؓ نے جو صدقے کے بارے میں لکھوایا تھا اس میں یوں ہے: (صدقہ کے) متولی پر کوئی گناہ نہیں کہ وہ اس سے خود کھائے اور دوست کو کھلائے۔ مگر جائیداد بنانے والا نہ ہو۔ (حضرت عبداللہ) بن عمرؓ ہی حضرت عمرؓ کے صدقہ کے متولی تھے۔ اہل مکہ میں سے بعض لوگوں کو اس میں سے ہدیہ بھی دے دیتے تھے جن کے ہاں وہ اُترتے تھے۔
صحیح بخاری 2314
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبد اللہ (بن عتبہ) سے، عبیداللہ نے حضرت زید بن خالد اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے (اُنَیس بن ضحاک اسلمیؓ سے) فرمایا: اُنَیس اس شخص کی عورت کے پاس جائو۔ اگر وہ زنا کا اقرار کرے تو اس کو سنگساری کی سزا دو۔
صحیح بخاری 2315
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبد اللہ (بن عتبہ) سے، عبیداللہ نے حضرت زید بن خالد اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے (اُنَیس بن ضحاک اسلمیؓ سے) فرمایا: اُنَیس اس شخص کی عورت کے پاس جائو۔ اگر وہ زنا کا اقرار کرے تو اس کو سنگساری کی سزا دو۔
صحیح بخاری 2316
(محمد) بن سلام (بیکندی) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب ثقفی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابن ابی مُلَیکہ سے، انہوں نے حضرت عقبہ بن حارثؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نُعَیمان یا نُعَیمان کا بیٹا لایا گیا۔ اس نے شراب پی ہوئی تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے گھر میں موجود لوگوں سے فرمایا: اسے (مقررہ) سزا دیں۔ حضرت عقبہؓ کہتے تھے: میں بھی ان لوگوں میں تھا جنہوں نے اُسے مارا۔ ہم نے اسے جوتوں اور کھجور کی چھڑیوں سے مارا۔
صحیح بخاری 2317
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن ابی بکر بن حزم سے، عبداللہ نے عمرہ بنت عبدالرحمن سے روایت کی کہ عمرہ نے انہیں خبر دی۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں نے رسول اللہ ﷺ کے قربانی والے اونٹوں کے ہار اپنے ہاتھ سے بٹے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے اپنے ہاتھوں سے ان کے گلے میں ڈالے۔ پھر ان کو میرے باپ کے ساتھ بھیج دیا اور (اس قربانی کے بھیجنے کی وجہ سے) جب تک کہ قربانی کے اونٹ ذبح نہ کر دئیے گئے؛ نبی ﷺ کے لئے کوئی بات حرام نہ ہوئی جو اللہ تعالیٰ نے ان کے لئے حلال کی تھی۔
صحیح بخاری 2318
یحيٰ بن یحيٰ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے مالک کو پڑھ کر سنایا۔ مالکؒ نے اسحق بن عبداللہ سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت انس بن مالک ص سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ ابوطلحہؓ مدینہ میں تمام انصار سے زیادہ مالدار تھے اور (ان کو) اپنی تمام جائیداد میں سے زیادہ پیاری وہ جائیداد تھی جو بیر حاء کا باغ تھا۔ وہ مسجد کے سامنے تھا اور رسول اللہ ﷺ اس میں جایا کرتے تھے اور وہاں کا صاف پانی پیتے۔ جب یہ آیت اُتری کہ تم نیکی کو ہرگز نہ پاسکو گے، جب تک تم ان چیزوں سے نہ خرچ کرو گے جو تمہیں پیاری ہیں تو ابوطلحہؓ اُٹھے اور رسول اللہ ﷺ کے پاس حاضر ہوئے اور کہا: یا رسول اللہ! اللہ تعالیٰ اپنی کتاب میں فرماتا ہے: تم نیکی کو ہرگز نہیں پاسکو گے جب تک تم ان چیزوں کو نہ خرچ کرو جن سے تم محبت رکھتے ہو اور مجھے اپنی جائیدادوں میں سے زیادہ پیارا بیر حاء کا باغ ہے۔ لیجئے وہ اللہ کے لئے صدقہ ہے اور میں امید رکھتا ہوں کہ یہ صدقہ خالص نیکی اور اللہ تعالیٰ کے حضور میرے لئے ثواب کا موجب ہوگا۔ یا رسول اللہ! آپؐ جہاں چاہیں، لگائیں۔ آپؐ نے فرمایا: واہ! یہ مال تو جانے والا ہے۔ یہ مال تو جانے والا ہے۔ میں نے سن لیا ہے جو تم نے اس کے متعلق کہا ہے اور میں مناسب سمجھتا ہوں کہ تم اس کو اپنے عزیزوں کے لئے ہی رکھو۔ ابوطلحہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میں ایسا ہی کروں گا۔ چنانچہ انہوں نے اس کو اپنے قریبیوں اور چچا کے بیٹوں میں تقسیم کر دیا۔ (یحيٰ بن یحيٰ کی طرح) اسماعیل نے بھی یہ حدیث مالک سے نقل کی اور رَوح نے مالک سے روایت کرتے ہوئے لفظ رَائِحٌ کی بجائے لفظ رَابِحٌ کہا (یعنی فائدہ مند مال)