کتاب 2: باب إِذَا وَكَّلَ الْمُسْلِمُ حَرْبِيًّا فِي دَارِ الْحَرْبِ أَوْ فِي دَارِ الإِسْلاَمِ، جَازَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2301
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: یوسف بن ماجشون نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صالح بن ابراہیم بن عبدالرحمن بن عوف سے، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ان کے دادا حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے امیہ بن خلف کو خط لکھا کہ وہ مکہ میں (جو اُس وقت دارالحرب تھا) میرے مال اور بال بچوں کی حفاظت کرے اور میں اس کے مال و اسباب کی مدینہ میں حفاظت کروں گا۔ جب میں نے اپنا نام عبدالرحمن لکھا تو (امیہ نے) کہا: میں عبدالرحمن کو نہیں جانتا۔ تم مجھے اپنا وہ نام لکھو جو جاہلیت میں تھا۔ اس پر میں نے اپنا نام عبدعمرو لکھا۔ جب وہ بدر کی جنگ میں تھا تو میں ایک پہاڑ کی طرف جب لوگ سو چکے تھے نکل گیا؛ تا کہ میں اس کی حفاظت کروں تو بلالؓ نے اسے کہیں دیکھ لیا۔ چنانچہ وہ گئے اور اَنصار کی ایک مجلس میں کھڑے ہوگئے اور کہنے لگے کہ یہ اُمیہ بن خلف ہے۔ اگر بچ نکلا تو میری خیر نہیں۔ اس پر بلالؓ کے ساتھ کچھ لوگ ہمارے تعاقب میں نکلے۔ میں ڈرا کہ وہ ہمیں پالیں گے۔ اس لئے میں نے اس کے بیٹے کو اس کی خاطر پیچھے چھوڑ دیا کہ وہ اس کے ساتھ لڑائی میں مشغول ہو جائیں۔ چنانچہ انہوں نے اس کو مار ڈالا۔ انہوں نے میرا دائو کارگر نہ ہونے دیا اور ہمارا پیچھا کیا۔ اُمیہ چونکہ بھاری بھرکم آدمی تھا (اس لئے جلدی اِدھر اُدھر نہ ہوسکا۔) آخر جب انہوں نے ہمیں پا لیا؛ میں نے اسے کہا: بیٹھ جاؤ تو وہ بیٹھ گیا۔ میں نے اپنے آپ کو اُس پر ڈال دیا کہ اسے بچائوں تو انہوں نے میرے نیچے سے اس کے بدن میں تلواریں گھونپیں؛ یہاں تک کہ اسے مار ڈالا۔ ان میں سے ایک نے اپنی تلوار سے میرے پائوں پر بھی زخم کر دیا۔ (ابراہیم نے کہا:) حضرت عبدالرحمنؓ بن عوف ہمیں اپنے پائوں کی پشت پر وہ نشان دکھایا کرتے تھے۔ ابو عبد اللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: یوسف نے صالح سے سنا اور ابراہیم نے اپنے باپ سے سنا۔