کتاب 15: بَابُ إِذَا قَالَ الرَّجُلُ لِوَكِيلِهِ ضَعْهُ حَيْثُ أَرَاكَ اللَّهُ. وَقَالَ الْوَكِيلُ قَدْ سَمِعْتُ مَا قُلْتَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2318
یحيٰ بن یحيٰ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے مالک کو پڑھ کر سنایا۔ مالکؒ نے اسحق بن عبداللہ سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت انس بن مالک ص سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ ابوطلحہؓ مدینہ میں تمام انصار سے زیادہ مالدار تھے اور (ان کو) اپنی تمام جائیداد میں سے زیادہ پیاری وہ جائیداد تھی جو بیر حاء کا باغ تھا۔ وہ مسجد کے سامنے تھا اور رسول اللہ ﷺ اس میں جایا کرتے تھے اور وہاں کا صاف پانی پیتے۔ جب یہ آیت اُتری کہ تم نیکی کو ہرگز نہ پاسکو گے، جب تک تم ان چیزوں سے نہ خرچ کرو گے جو تمہیں پیاری ہیں تو ابوطلحہؓ اُٹھے اور رسول اللہ ﷺ کے پاس حاضر ہوئے اور کہا: یا رسول اللہ! اللہ تعالیٰ اپنی کتاب میں فرماتا ہے: تم نیکی کو ہرگز نہیں پاسکو گے جب تک تم ان چیزوں کو نہ خرچ کرو جن سے تم محبت رکھتے ہو اور مجھے اپنی جائیدادوں میں سے زیادہ پیارا بیر حاء کا باغ ہے۔ لیجئے وہ اللہ کے لئے صدقہ ہے اور میں امید رکھتا ہوں کہ یہ صدقہ خالص نیکی اور اللہ تعالیٰ کے حضور میرے لئے ثواب کا موجب ہوگا۔ یا رسول اللہ! آپؐ جہاں چاہیں، لگائیں۔ آپؐ نے فرمایا: واہ! یہ مال تو جانے والا ہے۔ یہ مال تو جانے والا ہے۔ میں نے سن لیا ہے جو تم نے اس کے متعلق کہا ہے اور میں مناسب سمجھتا ہوں کہ تم اس کو اپنے عزیزوں کے لئے ہی رکھو۔ ابوطلحہؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میں ایسا ہی کروں گا۔ چنانچہ انہوں نے اس کو اپنے قریبیوں اور چچا کے بیٹوں میں تقسیم کر دیا۔ (یحيٰ بن یحيٰ کی طرح) اسماعیل نے بھی یہ حدیث مالک سے نقل کی اور رَوح نے مالک سے روایت کرتے ہوئے لفظ رَائِحٌ کی بجائے لفظ رَابِحٌ کہا (یعنی فائدہ مند مال)