کتاب 41: كتاب المزارعة
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 2340
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ اوزاعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: (مدینہ والے) کھیتوں کو تہائی، چوتھائی اور آدھوں آدھ پر کاشت کیا کرتے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: جس کی زمین ہو، چاہیے کہ اس میں وہ خود کاشت کرے یا اس کو (کاشت کے لئے اپنے بھائی کو) مفت دیدے۔ اگر وہ ایسا نہ کرے تو وہ اپنی زمین کو (خالی) پڑا رہنے دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2341
اور ربیع بن نافع ابوتوبہ نے کہا: معاویہ (بن سلام) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس کی زمین ہو تو چاہیے کہ اس میں خود کاشت کرے یا اپنے بھائی کو (کاشت کے لئے) مفت دیدے۔ اگر یہ نہ کرے تو پھر اپنی زمین کو (خالی) پڑا رہنے دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2342
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے طائوس سے (حضرت رافعؓ کی حدیث) بیان کی تو انہوں نے کہا: (زمین کا مالک) زمین بٹائی پر دے سکتا ہے۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: نبی ﷺ نے اس سے منع نہیں فرمایا: بلکہ آپؐ نے یہ فرمایا تھا کہ اگر تم میں سے کوئی شخص اپنے بھائی کو مفت (زمین کاشت کے لئے) دیدے تو یہ اس کے لئے بہتر ہے، بہ نسبت اس کے کہ اس پر مقررہ لگان لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2343
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے نافع سے روایت کی کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما آنحضرت ﷺ کے زمانہ حیات میں اور حضرت ابوبکرؓ، حضرت عمرؓ اور حضرت عثمانؓ کی خلافت کے زمانہ میں اور معاویہؓ کی امارت کے شروع میں اپنے کھیتوں کو لگان (یعنی بٹائی) پر دیا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2344
پھر حضرت رافع بن خدیجؓ کی یہ حدیث بتائی گئی کہ نبی ﷺ نے کھیتوں کو ٹھیکہ پر دینے سے منع فرمایا۔ اس پر حضرت ابن عمرؓ حضرت رافعؓ کے پاس گئے اور میں بھی ان کے ساتھ گیا۔ پھر ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے کھیتوں کو ٹھیکہ پر دینے سے منع فرمایا۔ اس پر حضرت ابن عمرؓ نے کہا: آپؓ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں اپنے کھیتوں کو اس پیداوار کے بدلے لگان پر دیا کرتے تھے، جو نالیوں پر ہوتی اور کچھ بھوسہ بھی معاوضہ میں لیتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2345
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ سالم نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں جانتا تھا کہ زمین بٹائی پر دی جاتی تھی۔ پھر حضرت عبداللہؓ ڈرے کہ ممکن ہے نبی کریم ﷺ نے اس کی بابت کوئی نیا حکم دیا ہو، جس کو وہ نہ جانتے ہوں۔ اس لئے انہوں نے زمین بٹائی پر دینی چھوڑ دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2346
عمرو بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ربیعہ بن ابی عبدالرحمن سے، ربیعہ نے حنظلہ بن قیس سے، حنظلہ نے حضرت رافع بن خدیجؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے دونوں چچائوں نے مجھ سے بیان کیا کہ وہ نبی کریم ﷺ کے زمانے میں زمینوں کو اِس شرط پر ٹھیکہ پر دیتے تھے کہ جو پانی کی نالیوں کے قریب کی زمین میں پیداوار ہو، وہ ان کی ہوگی یا کچھ پیداوار مالکِ زمین اپنے لئے مخصوص کرلیتا تو نبی ﷺ نے اس سے منع کردیا۔ میں نے حضرت رافعؓ سے پوچھا: دینار اور درہم کے عوض لگان دینا کیسا ہے؟ تو حضرت رافعؓ نے کہا: دینار اور درہم کے بدلے زمین کے دینے میں کوئی برائی نہیں اور لیث نے کہا: جس بٹائی سے منع کیا گیا ہے، وہ ایسی ہے کہ اگر اس میں حلال و حرام سمجھنے والے غور کریں تو کبھی اس کو جائز قرار نہ دیں۔ کیونکہ اس میں دھوکا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2347

صحیح بخاری 2348
محمد بن سنان نے ہمیں بتایا۔ فُلَیْح نے ہم سے بیان کیا کہ ہلال (بن علی) نے ہمیں بتایا۔ نیز عبداللہ بن محمد نے بھی مجھے بتایا کہ ابوعامر نے ہم سے بیان کیا کہ فُلَیْح نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہلال بن علی سے، ہلال نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک دن باتیں کر رہے تھے اور آپؐ کے پاس بدوؤں میں سے بھی ایک آدمی بیٹھا ہوا تھا۔ (آپؐ نے فرمایا:) جنتیوں میں سے ایک شخص نے اپنے ربّ سے کھیتی کرنے کی اجازت مانگی تو (اس کے ربّ نے) اس سے کہا: کیا جو تو چاہتا ہے، تجھے میسر نہیں؟ اس نے کہا: کیوں نہیں۔ (سب کچھ موجود ہے۔) لیکن مجھے یہ پسند ہے کہ میں کھیتی کروں۔ چنانچہ اس نے بیج ڈالے۔ آنکھ کی جھپک میں وہ اُگ آئی اور وہ سیدھی کھڑی ہو کر پک گئی اور کٹائی کے قابل بھی ہو گئی اور وہ پہاڑوں کی طرح اونچی تھی۔ تب اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اے ابن آدم! لے تجھے کوئی چیز بھی سیر نہیں کرتی۔ وہ بدو کہنے لگا: اللہ کی قسم! آپؐ یہ شخص قریشی یا انصاری ہی پائیں گے۔ کیونکہ وہی کھیتی باڑی کیا کرتے ہیں { اور ہم جو ہیں ؛ ہم تو کھیتی باڑی نہیں کرتے۔} نبی ﷺ ہنس پڑے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2349
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب (بن عبد الرحمٰن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم (سلمہ بن دینار) سے، انہوں نے حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ حضرت سہلؓ نے کہا: جمعہ کے دن ہم خوشی منایا کرتے تھے (اور) ہماری ایک بڑھیا تھی جو چقندر کی جڑیں ہمارے لئے لیتی؛ جنہیں ہم اپنے باغ کی نالیوں میں لگا یا کرتے تھے اور وہ انہیں اپنی ہانڈی میں ڈال دیتی اور اس میں کچھ جَو کے دانے بھی ڈال دیتی۔ (ابو حازم نے کہا کہ) میں یہی سمجھتا ہوں کہ حضرت سہلؓ نے اسی طرح کہا: اس میں نہ چربی ہوتی اور نہ چکنائی۔ جب ہم جمعہ کی نماز پڑھ چکتے تو ہم اس کی ملاقات کیلئے جاتے اور وہ ہمارے سامنے یہ (کھانا) رکھتی۔ اس لئے جمعہ کے دن ہم خوش ہوا کرتے اور جمعہ کے بعد ہی ہم کھانا کھاتے اور قیلولہ کرتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 2350
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: لوگ کہتے ہیں کہ ابوہریرہ حدیثیں بہت بیان کرتا ہے اور اللہ ہی کو آخری (مجھے) ملنا ہے۔ (یعنی اگر جھوٹ بولوں گا تو سزا پاؤں گا) اور وہ کہتے ہیں: ان مہاجرینؓ اور انصارؓ کو کیا ہے کہ وہ ان (ابوہریرہؓ) کی طرح حدیثیں بیان نہیں کرتے۔ حالانکہ بات یہ ہے کہ میرے مہاجر بھائیوں کو بازاروں میں خرید و فروخت مشغول رکھتی اور میرے بھائی انصارؓ کو اپنی ملکیّتوں میں کام کاج مشغول رکھتا اور میں ایک مسکین آدمی تھا۔ پیٹ بھر کر رسول اللہ ﷺ کے ساتھ چمٹ رہتا اور جب یہ لوگ نہ ہوتے تو میں موجود ہوتا اور جب یہ بھول جاتے تو میں یاد رکھتا اور نبی ﷺ نے ایک دن فرمایا: تم میں سے جو کوئی بھی اپنے کپڑے کو جب تک میں اپنی بات ختم نہ کرلوں، پھیلائے رکھے گا؛ پھر وہ اس کو سمیٹ کر اپنے سینے سے لگا لے گا تو وہ میری بات کبھی نہیں بھولے گا۔ چنانچہ میں نے چادر بچھا دی۔ اس کے سوا مجھ پر کوئی کپڑا نہ تھا۔ جب نبی ﷺ نے اپنی بات ختم کی تو میں نے اس کو سمیٹ کر اپنے سینے سے لگا لیا۔ اسی ذات کی قسم ہے جس نے آنحضرت ﷺ کو سچائی کے ساتھ بھیجا تھا! میں آپؐ کی اس گفتگو کو آج تک نہیں بھولا اور اللہ کی قسم! اگر یہ دو آیتیں کتاب اللہ میں نہ ہوتیں تو میں تم کو کبھی کچھ نہ بتاتا۔ یعنی جو لوگ اس کلام کو جو ہم نے کھلے کھلے نشانوں اور ہدایت پر مشتمل نازل کیا ہے، بعد اس کے کہ ہم نے اسے اِس کتاب میں کھول کر بیان کردیا ہے، چھپاتے ہیں۔] ایسے ہی لوگ ہیں جن پر اللہ لعنت کرتا ہے اور دوسرے لعنت کرنے والے بھی لعنت کرتے ہیں۔ سوائے ان لوگوں کے جنہوں نے توبہ کی اور اصلاح کی اور (اللہ کے نشانات کو) کھول کھول کر بیان کیا۔ پس یہی وہ لوگ ہیں جن پر میں توبہ قبول کرتے ہوئے جھکوں گا۔ اور میں بہت توبہ قبول کرنے والا[ (اور) بار بار رحم کرنے والا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah