کتاب 16: باب
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2336
قُتَیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے سالم بن عبداللہ بن عمر سے، انہوں نے اپنے باپ (حضرت عبد اللہ بن عمر) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ جب نبی ﷺ رات کو بمقام ذی الحلیفہ نالے کے نشیب میں اُترے ہوئے تھے تو آپؐ کو خواب میں ایک نظارہ دکھایا گیا اور آپؐ سے کہا گیا: تم مبارک وادی میں ہو۔ موسیٰ (بن عقبہ) نے کہا: سالم نے ہمارے اونٹ اسی جگہ بٹھائے؛ جہاں حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) بٹھایا کرتے تھے۔ وہ اسی جگہ کا قصد کرتے تھے۔ جہاں رسول اللہ ﷺ نے رات کو منزل کی تھی اور وہ اُس مسجد کے نیچے ہے جو نالے کے نشیب میں ہے۔ مسجد اور راستے کے عین درمیان۔
صحیح بخاری 2337
اسحق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب بن اسحق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اوزاعی سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے یحيٰ (بن ابی کثیر) نے بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباسؓ سے، انہوں نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے، حضرت عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: آج رات میرے ربّ سے ایک آنے والا میرے پاس آیا۔ آپؐ اس وقت وادیٔ عقیق میں تھے۔ (اس نے کہا) کہ اس مبارک وادی میں نماز پڑھو اور کہو: حج کے ساتھ عمرہ بھی ہوگا۔