کتاب 17: بَابُ إِذَا قَالَ رَبُّ الأَرْضِ أُقِرُّكَ مَا أَقَرَّكَ اللَّهُ وَلَمْ يَذْكُرْ أَجَلاً مَعْلُومًا فَهُمَا عَلَى تَرَاضِيهِمَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2338
احمد بن مقدام نے ہمیں بتایا کہ فضیل بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ موسیٰ (بن عقبہ) نے ہمیں بتایا کہ نافع نے ہمیں خبر دی کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کا ارادہ تھا۔ (دوسری سند) اور عبدالرزاق نے بھی کہا: ابن جریج نے ہمیں خبر دی کہا: موسیٰ بن عقبہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے یہود و نصاریٰ کو حجاز سے جلا وطن کردیا تھا اور جب رسول اللہ ﷺ خیبر پر غالب آئے تو آپؐ نے خیبر سے یہود کے نکالنے کا ارادہ کیا تھا اور جب آپؐ اس پر غالب ہوئے تو اس کی زمین اللہ اور اس کے رسول ﷺ اور مسلمانوں کی ہوگئی تھی اور آپؐ نے یہود کو اس سے نکالنا چاہا تو یہود نے رسول اللہ ﷺ سے درخواست کی کہ آپؐ انہیں وہیں رہنے دیں؛ اس شرط پر کہ اس زمین میں محنت مزدوری کریں گے اور پیدا وار کا آدھا حصہ اُن کا ہوگا۔ رسول اللہ ﷺ نے اُن سے کہا: ہم تمہیں اس میں جب تک چاہیں، اس پر رہنے دیتے ہیں۔ چنانچہ وہ وہاں رہے؛ یہاں تک کہ حضرت عمرؓ نے انہیں تیما ء اور اریحاء کی طرف جلا وطن کردیا۔