کتاب 18: بَابُ مَا كَانَ مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُوَاسِي بَعْضُهُمْ بَعْضًا فِي الزِّرَاعَةِ وَالثَّمَرَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2339
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ اوزاعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالنجاشی سے، جو رافع بن خدیج کے آزاد کردہ غلام تھے۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت رافع بن خدیج بن رافعؓ سے سنا۔ وہ اپنے چچا حضرت ظُہَیر بن رافعؓ سے روایت کرتے تھے۔ ظُہَیر نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ہمیں ایک ایسی بات سے منع فرمایا جو ہمارے لئے فائدہ مند تھی۔ میں نے کہا: جو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا، وہی بجا تھا۔ ظُہَیر نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے بلایا۔ آپؐ نے پوچھا: تم اپنے کھیتوں کو کیا کرتے ہو؟ میں نے کہا: ہم انہیں ٹھیکہ پر دیتے ہیں؛ اس شرط پر کہ جو نالیوں کے قریب پیدا وار ہو، وہ ہم لیں گے اور کھجور اور جَو میں چند وسق کے حساب سے۔ آپؐ نے فرمایا: ایسا نہ کیا کرو۔ تم خود ان میں کاشت کرو یا ان میں کاشت کراؤ یا انہیں خالی رہنے دو۔ حضرت رافعؓ کہتے تھے: میں نے کہا: میں نے سن لیا ہے اور ایسا ہی ہوگا۔
صحیح بخاری 2340
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ اوزاعی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: (مدینہ والے) کھیتوں کو تہائی، چوتھائی اور آدھوں آدھ پر کاشت کیا کرتے تھے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: جس کی زمین ہو، چاہیے کہ اس میں وہ خود کاشت کرے یا اس کو (کاشت کے لئے اپنے بھائی کو) مفت دیدے۔ اگر وہ ایسا نہ کرے تو وہ اپنی زمین کو (خالی) پڑا رہنے دے۔
صحیح بخاری 2341
اور ربیع بن نافع ابوتوبہ نے کہا: معاویہ (بن سلام) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس کی زمین ہو تو چاہیے کہ اس میں خود کاشت کرے یا اپنے بھائی کو (کاشت کے لئے) مفت دیدے۔ اگر یہ نہ کرے تو پھر اپنی زمین کو (خالی) پڑا رہنے دے۔
صحیح بخاری 2342
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے طائوس سے (حضرت رافعؓ کی حدیث) بیان کی تو انہوں نے کہا: (زمین کا مالک) زمین بٹائی پر دے سکتا ہے۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: نبی ﷺ نے اس سے منع نہیں فرمایا: بلکہ آپؐ نے یہ فرمایا تھا کہ اگر تم میں سے کوئی شخص اپنے بھائی کو مفت (زمین کاشت کے لئے) دیدے تو یہ اس کے لئے بہتر ہے، بہ نسبت اس کے کہ اس پر مقررہ لگان لے۔
صحیح بخاری 2343
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے نافع سے روایت کی کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما آنحضرت ﷺ کے زمانہ حیات میں اور حضرت ابوبکرؓ، حضرت عمرؓ اور حضرت عثمانؓ کی خلافت کے زمانہ میں اور معاویہؓ کی امارت کے شروع میں اپنے کھیتوں کو لگان (یعنی بٹائی) پر دیا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 2344
پھر حضرت رافع بن خدیجؓ کی یہ حدیث بتائی گئی کہ نبی ﷺ نے کھیتوں کو ٹھیکہ پر دینے سے منع فرمایا۔ اس پر حضرت ابن عمرؓ حضرت رافعؓ کے پاس گئے اور میں بھی ان کے ساتھ گیا۔ پھر ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے کھیتوں کو ٹھیکہ پر دینے سے منع فرمایا۔ اس پر حضرت ابن عمرؓ نے کہا: آپؓ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں اپنے کھیتوں کو اس پیداوار کے بدلے لگان پر دیا کرتے تھے، جو نالیوں پر ہوتی اور کچھ بھوسہ بھی معاوضہ میں لیتے تھے۔
صحیح بخاری 2345
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ سالم نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں جانتا تھا کہ زمین بٹائی پر دی جاتی تھی۔ پھر حضرت عبداللہؓ ڈرے کہ ممکن ہے نبی کریم ﷺ نے اس کی بابت کوئی نیا حکم دیا ہو، جس کو وہ نہ جانتے ہوں۔ اس لئے انہوں نے زمین بٹائی پر دینی چھوڑ دی۔