کتاب 1: بَابٌ في الشُّرْبِ، وَمَنْ رَأَى صَدَقَةَ الْمَاءِ وَهِبَتَهُ وَوَصِيَّتَهُ جَائِزَةً، مَقْسُومًا كَانَ أَوْ غَيْرَ مَقْسُومٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2351
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ ابوغسان نے ہمیں بتایا۔ کہتے تھے کہ ابوحازم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کے پاس ایک پیالہ لایا گیا۔ آپؐ نے اس میں سے پیا اور آپؐ کے داہنی طرف ایک لڑکا تھا؛ جو عمر میں سب سے چھوٹا تھا اور بڑی عمر والے آپؐ کی بائیں طرف تھے۔ آپؐ نے فرمایا: لڑکے کیا تم مجھے اجازت دیتے ہو کہ میں یہ بڑوں کو دے دوں؟ اس نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ سے بچا ہوا جو میرا حق ہے، میں تو وہ کسی کو نہیں دوں گا۔ اس پر وہ (پیالہ) آپؐ نے اُسے دے دیا۔
صحیح بخاری 2352
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ کہا کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ کے لئے گھر میں پلی ہوئی بکری دوہی گئی اور وہ حضرت انس بن مالکؓ کے گھر میں ہی تھی اور اس کے دودھ کو اُس کنوئیں کے پانی سے ملایا گیا جو حضرت انسؓ کے گھر میں تھا۔ پھر انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو وہ پیالہ دیا۔ آپؐ نے اسے پیا۔ جب آپؐ نے اپنے منہ سے وہ پیالہ الگ کیا تو اس وقت آپؐ کے بائیں طرف حضرت ابوبکرؓ تھے اور دائیں طرف ایک بدوی۔ تو حضرت عمرؓ ڈرے کہ کہیں آپؐ اس بدوی کو نہ دے دیں۔ حضرت عمرؓ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! ابوبکرؓ کو دے دیجئے جو آپؐ کے پاس ہیں۔ لیکن آپؐ نے وہ (پیالہ) اس بدوی کو دے دیا جو آپؐ کے دائیں طرف تھا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: دائیں طرف والے کو دو۔ پھر اس کو جو اس کی دائیں طرف ہے۔