کتاب 9: باب فَضْلِ سَقْىِ الْمَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2363
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سُمَی سے، سُمَی نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایک بار ایک شخص (راستے میں) چلا جا رہا تھا کہ اسے سخت پیاس لگی اور وہ ایک کنوئیں میں اُترا اور اس سے پانی پیا۔ اس کے بعد وہ نکلا تو کیا دیکھتا ہے کہ ایک کتا ہے جو ہانپ رہا ہے اور پیاس کے مارے کیچڑ چاٹ رہا ہے تو اس شخص نے (دل میں) کہا کہ اسے بھی وہی تکلیف پہنچی ہے جو مجھے پہنچی تھی۔ اس نے اپنا موزہ بھرا اور اسے اپنے منہ سے پکڑ کر وہ اوپر چڑھا اور کتے کو پلایا۔ اللہ تعالیٰ نے اُس کے اس عمل کی قدر کی اور اُس کے گناہوں کی مغفرت فرمائی۔ صحابہؓ نے پوچھا: یا رسول اللہ! کیا ہمیں جانوروں (کو پانی پلانے) کی وجہ سے بھی ثواب ہوگا؟ آپؐ نے فرمایا: ہر جگر کی وجہ سے ثواب ہوگا؛ جو تروتازہ ہو۔ (یعنی ہر جاندار کے ساتھ نیک سلوک کرنے میں اجر ہے۔) عبداللہ بن یوسف کی طرح حماد بن سلمہ اور ربیع بن مسلم نے بھی محمد بن زیاد سے یہی بات نقل کی ہے۔
صحیح بخاری 2364
(سعید) بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ نافع بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی مُلَیکہ سے، ابن ابی مُلَیکہ نے حضرت اسماء بنت ابوبکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے سورج گرہن کی نماز پڑھی۔ پھر آپؐ نے فرمایا: (دوزخ کی) آگ میرے اتنی قریب ہوئی کہ میں نے کہا: یا ربّ! آیا میں بھی ان (دوزخ والوں) کے ساتھ ہوں۔ پھر کیا دیکھتا ہوں کہ ایک عورت ہے کہ بلی اُسے نوچ رہی ہے۔ میں نے پوچھا: اس کی یہ حالت کیوں ہے؟ فرشتوں نے کہا: اس عورت نے بلی کو بند کر رکھا تھا؛ یہاں تک کہ وہ بھوک سے مر گئی۔
صحیح بخاری 2365
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایک عورت کو بلی کی وجہ سے عذاب ہوا؛ جسے اس نے بند کر رکھا تھا۔ یہاں تک کہ وہ بھوک سے مر گئی تو وہ اُس بلی کی وجہ سے آگ میں داخل ہوئی۔ (حضرت عبداللہ بن عمرؓ) کہتے تھے: آپؐ نے یہ بھی فرمایا: (اس سے کہا گیا) تو نے اسے قید رکھا اور اللہ ہی بہتر جانتا ہے نہ تو نے اسے کھلایا اور نہ پلایا اور نہ ہی اس کو چھوڑا کہ وہ زمین کے کیڑے مکوڑے کھاتی۔