کتاب 43: كتاب فى الاستقراض
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2385
محمد بن یوسف بیکندی نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ سے، مغیرہ نے شعبی سے، شعبی نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے: میں نبی ﷺ کے ساتھ جنگ کے لئے نکلا۔ آپؐ نے فرمایا: اپنے اونٹ کے بارے میں تمہارا کیا خیال ہے ؟ کیا تم (میرے پاس) اِسے بیچو گے؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ چنانچہ میں نے آپؐ کے پاس وہ (اُونٹ) بیچ دیا۔ جب آپؐ مدینہ میں آئے تو میں صبح اس اُونٹ کو لے کر آپؐ کے پاس گیا اور آپؐ نے مجھے اُس کی قیمت دے دی۔
صحیح بخاری 2386
معلی بن اسد نے ہمیں بتایا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہم سے بیان کیا کہ اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ہم نے ابراہیم (نخعی) کے سامنے قرض میں گرو رکھنے کا ذکر کیا تو انہوں نے کہا: اسود (بن یزید) نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ نبی ﷺ نے ایک یہودی سے مقررہ میعاد پر غلہ خریدا اور اُس کے پاس (اپنی) لوہے کی زرہ گرو رکھ دی۔
صحیح بخاری 2387
عبدالعزیز بن عبداللہ اویسی نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن بلال نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثور بن زید سے، ثور نے ابوالغیث سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جو شخص لوگوں کے مال اِس نیت سے لے کہ اَدا کروں گا تو اللہ تعالیٰ اُس کو اَدا کرنے کی توفیق دے گا اور جو اِس نیت سے لے کہ اُن (اموال) کو برباد کروں گا تو اللہ اُسے بھی برباد کر دے گا۔
صحیح بخاری 2388
احمد بن یونس نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو شہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے زید بن وہب سے، زید نے حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: میں نبی ﷺ کے ساتھ تھا۔ جب آپؐ نے اُحد پہاڑ کو دیکھا تو آپؐ نے فرمایا: یہ (پہاڑ) میرے لئے سونا بنا دیا جائے تو بھی مجھے پسند نہیں کہ اس میں سے ایک دینار میرے پاس تین دن سے زیادہ رہے، بجز اُس دینار کے جو قرضہ ادا کرنے کے لئے رکھوں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: جتنا زیادہ کوئی دولت مند ہے اُتنا ہی زیادہ وہ محتاج ہے، سوائے اُس شخص کے جو مال اس اس طرح خرچ کرے اور ابو شہاب نے اپنے سامنے اور اپنے دائیں اور اپنے بائیں اشارہ کیا اور ایسے بہت تھوڑے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: یہیں ٹھہرو اور خود تھوڑی دُور آگے گئے۔ میں نے کچھ آواز سنی اور چاہا کہ میں بھی آپؐ کے پاس جائوں۔ میں نے پھر آپؐ کی یہ بات یاد کی کہ یہیں ٹھہرو! یہاں تک کہ میں تمہارے پاس آ جائوں۔ جب آپؐ آئے، میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ میں نے جو سنا یا کہا: وہ آواز جو میں نے سنی (وہ کیا تھی؟) آپؐ نے فرمایا کیا تم نے (وہ آواز) سنی تھی؟ میں نے عرض کیا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: جبرائیل علیہ السلام میرے پاس آئے تھے اور انہوں نے کہا: جو شخص تیری امت میں سے ایسی حالت میں مر جائے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی کو بھی شریک نہ ٹھہراتا ہو تو وہ جنت میں داخل ہو گا۔ میں نے کہا: خواہ وہ ایسے ایسے کام بھی کرے۔ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔
صحیح بخاری 2389
احمد بن شبیب بن سعید نے مجھ سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے روایت کی کہ ابن شہاب نے کہا: عبید اللہ بن عبد اللہ بن عتبہ نے مجھ سے بیان کیا۔ کہتے تھے کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر میرے پاس اُحد پہاڑ جتنا بھی سونا ہو تو مجھے ہرگز خوشی نہ ہو گی کہ تین دن گذر جائیں اور اُس میں سے میرے پاس کچھ باقی رہے۔ البتہ قرض اَدا کرنے کے لیے کچھ رکھ چھوڑوں۔ یہ (حدیث) صالح اور عُقَیل نے بھی زہری سے روایت کی ہے۔
صحیح بخاری 2390
ابوالولید نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ سلمہ بن کہیل نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے گھر میں ابوسلمہ کو حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی یہ روایت بیان کرتے ہوئے سنا کہ ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ سے تقاضا کیا اور آپؐ سے سخت کلامی کی۔ اِس پر آپؐ کے صحابہ اُسے مارنے کو لپکے۔ آپؐ نے فرمایا: جانے دو کیونکہ حق دار کہتا ہی ہے اور اِس کے لئے ایک اونٹ خریدو اور اِسے دے دو۔ تو انہوں نے کہا: اس کے اُونٹ کی عمر سے بڑھ کر ہمیں ملتا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: وہی خرید لو اور وہی اس کو دے دو کیونکہ تم میں اچھے وہی لوگ ہیں جو تم میں سے قرض کو اچھی طرح اَدا کریں۔
صحیح بخاری 2391
مسلم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالملک سے، عبدالملک نے ربعی (بن حراش) سے، ربعی نے حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: ایک شخص مر گیا اور اُس سے پوچھا گیا: تم کیا کرتے تھے؟ اُس نے کہا: میں لوگوں سے بیوپار کیا کرتا تھا اور مالدار کو مہلت دیتا اور تنگ دست سے درگزر کرتا تھا۔ اِس لئے اُس کی مغفرت کی گئی۔ حضرت ابومسعودؓ نے کہا: میں نے بھی یہ (حدیث) نبی ﷺ سے سنی۔
صحیح بخاری 2392
مسدد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (قطان) سے، یحيٰ نے سفیان (ثوری) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: سلمہ بن کہیل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے اُونٹ کا تقاضا کرنے لگا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسے دے دو۔ صحابہؓ نے کہا: ہمیں اس (کے اُونٹ) سے زیادہ عمر والے (اُونٹ) ملتے ہیں۔ وہ شخص بولا: آپؐ نے مجھے بڑھ چڑھ کر دیا ہے۔ اللہ بھی آپؐ کو بڑھ چڑھ کر دے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسے (وہی اُونٹ) دے دو، کیونکہ اچھے وہی لوگ ہیں جو قرض کو اچھی طرح اَدا کرتے ہیں۔
صحیح بخاری 2393
ابونعیم (فضل بن دکین) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلمہ (بن کہیل) سے، سلمہ نے ابوسلمہ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے ذمے ایک شخص کا چند سال کی عمر کا اُونٹ تھا۔ وہ آپؐ کے پاس آیا، تقاضا کرنے لگا۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: اسے دے دو۔ تو انہوں نے اس عمر کا (اُونٹ) تلاش کیا تو انہیں نہ ملا مگر اُس سے بڑی عمر کا ملا۔ آپؐ نے فرمایا: یہی دے دو۔ تو اُس شخص نے کہا: آپؐ نے مجھے بڑھ چڑھ کر دیا ہے، اللہ بھی آپؐ کو بڑھ چڑھ کر دے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اچھے وہی لوگ ہیں جو اَدا کرنے میں اچھے ہیں۔
صحیح بخاری 2394
خلّاد (بن یحيٰ) نے ہم سے بیان کیا کہ مِسعر نے ہمیں بتایا۔ محارب بن دثار نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پاس آیا۔ اُس وقت آپؐ مسجد میں تھے۔ مِسعر نے کہا: میں سمجھتا ہوں (محارب نے) کہا: چاشت کا وقت تھا۔ آپؐ نے فرمایا: دو رکعتیں نماز پڑھ لو اور میرا آپؐ کے ذمے کچھ قرض تھا اور آپؐ نے مجھے اَدا کیا اور زیادہ دیا۔
صحیح بخاری 2395
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھ سے (عبدالرحمن) بن کعب بن مالک نے بیان کیا کہ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے انہیں بتایا کہ اُن کے باپ اُحد کی جنگ میں شریک ہو کر شہید ہو گئے اور اُن کے ذمے کچھ قرض تھا۔ قرض خواہوں نے اپنے اپنے حق لینے سے متعلق سخت تقاضا کیا۔ اس پر میں نبی ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ نے قرض خواہوں سے کہا: وہ میرے باغ کی کھجوریں قبول کر لیں اور میرے والد کو قرض (کی ذمہ داری) سے آزاد کر دیں۔ انہوں نے نہ مانا۔ اس پر نبی ﷺ نے اُن کو میرا باغ نہ دیا اور فرمایا: ہم صبح تمہارے پاس آئیں گے۔ چنانچہ جب صبح ہوئی تو آپؐ ہمارے پاس آئے اور کھجوروں میں آپؐ نے چکر لگایا۔ پھلوں کے لئے برکت کی دُعا کی۔ میں نے اُن کا پھل کاٹا اور اُن کا سب قرض اَدا کردیا اور اس باغ کی کھجوروں سے ہمارے لئے کچھ بچ بھی رہا۔
صحیح بخاری 2396
ابراہیم بن منذر نے مجھ سے بیان کیا کہ انس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام (بن عروہ بن زبیر) نے وہب بن کیسان سے، وہب نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ حضرت جابرؓ نے انہیں بتایا کہ اُن کے باپ فوت ہوگئے اور ان کے ذمے تیس وسق ایک یہودی شخص کا قرض چھوڑا۔ حضرت جابرؓ نے اُس سے مہلت مانگی تو اُس نے مہلت دینے سے انکار کردیا۔ حضرت جابرؓ نے رسول اللہ ﷺ سے کہا کہ اس سے سفارش کریں۔ اس پر رسول اللہ ﷺ آئے۔ آپؐ نے اس یہودی سے کہا: اپنے قرضے کے بدلے ان کی کھجوریں لے لے۔ اس نے انکار کیا تو رسول اللہ ﷺ نخلستان میں گئے اور اس میں پھرے اور جابرؓ سے کہا: اس کے لئے کھجوریں کاٹو اور جو اس کا حق ہے اسے پورے کا پورا دو۔ چنانچہ حضرت جابرؓ نے رسول اللہ ﷺ کے واپس جانے کے بعد کاٹا اور اس کو تیس وسق پورے کے پورے دے دئیے اور ان کے لئے سترہ وسق بچ رہے۔ پھر حضرت جابرؓ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے کہ جو ہوا ہے آپؐ کو بتائیں۔ (حضرت جابرؓ نے) آپؐ کو عصر کی نماز پڑھتے ہوئے پایا۔ جب آپؐ (نماز سے) فارغ ہوئے تو انہوں نے آپؐ کو اس بڑھوتی کی اطلاع دی۔ آپؐ نے فرمایا: (عمر) بن الخطابؓ کو یہ بتائو۔ تو حضرت جابرؓ حضرت عمرؓ کے پاس گئے اور انہیں بتایا۔ حضرت عمرؓ نے ان سے کہا: جب رسول اللہ ﷺ باغ میں چلے تھے تو میں سمجھ گیا تھا کہ ضرور اس میں برکت ڈالی جائے گی۔
صحیح بخاری 2397
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ نیز اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے بھائی (عبدالحمید ابوبکر) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے، سلیمان نے محمد بن ابی عتیق سے، انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے روایت کی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے انہیں خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ نماز میں دعا کیا کرتے تھے اور کہا کرتے تھے: اے میرے اللہ! میں گناہ سے اور قرضداری سے تیری پناہ لیتا ہوں۔ کسی کہنے والے نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ قرضداری سے بہت ہی پناہ مانگتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: آدمی جب قرضدار ہوتا ہے؛ بات کہتا ہے تو جھوٹ بولتا ہے، وعدہ کرتا ہے تو خلاف ورزی کرتا ہے۔
صحیح بخاری 2398
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عدی بن ثابت سے، عدی نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جو مال چھوڑ جائے تو وہ اُس کے وارثوں کے لئے ہوگا اور جو قرض چھوڑ جائے اُس کی ذمہ داری ہم پر ہے۔
صحیح بخاری 2399
عبداللہ بن محمد نے مجھے بتایا۔ ابوعامر (عقدی) نے ہم سے بیان کیا کہ فلیح (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہلال بن علی سے، ہلال نے عبدالرحمن بن ابی عمرہ سے، عبدالرحمن نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: کوئی مومن ایسا نہیں جس سے میرا دنیا و آخرت میں سب سے زیادہ نزدیکی رشتہ نہ ہو۔ اگر چاہو تو تم یہ آیت پڑھ لو: نبی مومنوں پر خود اُن کے اپنے نفسوں سے بھی زیادہ شفقت کرنے والا ہے۔ جو مومن فوت ہو اور مال چھوڑ جائے تو اُس کی برادری اُس کی وارث ہوگی، جو بھی وہ ہوں۔ اور جو کوئی قرضہ یا بال بچہ چھوڑ جائے تو میرے پاس آئے۔ میں اُس کا ولی ہوں۔
صحیح بخاری 2400
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالاعلیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام بن منبّہ سے جو کہ وہب بن منبّہ کے بھائی تھے۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دولت مند کا ٹال مٹول کرنا ظلم ہے۔
صحیح بخاری 2401
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے سلمہ سے، سلمہ نے ابوسلمہ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ کے پاس ایک شخص آ کر آپؐ سے تقاضا کرنے لگا اور اُس نے آپؐ سے سخت کلامی کی۔ اس پر آپؐ کے صحابہؓ نے اُس کو مارنے کا ارادہ کیا۔ آپؐ نے فرمایا: جانے دو کیونکہ حق دار ایسی باتیں کیا ہی کرتا ہے۔
صحیح بخاری 2402
احمد بن یونس نے ہمیں بتایا۔ زہیر نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابوبکر بن محمد بن عمرو بن حزم نے مجھے خبر دی کہ عمر بن عبدالعزیز نے انہیں بتایا۔ ابوبکر بن عبدالرحمن بن حارث بن ہشام نے ان سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔ یا انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جو اپنا مال بجنسہٖ کسی شخص، یا (کہا:) انسان کے پاس پائے جو مفلس ہوگیا ہو تو وہ دوسرے (قرض خواہوں) کی نسبت اُس کا زیادہ حق دار ہوگا۔
صحیح بخاری 2403
مسدد نے ہمیں بتایا کہ یزید بن زُریع نے ہمیں خبر دی کہ حسین معلّم نے ہمیں بتایا کہ عطاء بن ابی رباح نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک شخص نے یہ وصیت کی کہ اُس کے مرنے کے بعد اس کا غلام آزاد ہوگا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: مجھ سے کون اس (غلام) کو خریدے گا تو اُس کو نُعَیْم بن عبداللہ نے لے لیا۔ آنحضرتؐ نے غلام کی قیمت لی اور (آزادی کی وصیت کرنے والے کو) دے دی (تا کہ وہ اپنے قرض خواہوں کو دے اور اپنے اُوپر خرچ کرے۔)
صحیح بخاری 2404
اور لیث (بن سعد) نے کہا: مجھے جعفر بن ربیعہ نے بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن بن ہرمز سے، عبدالرحمن نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے بنی اسرائیل کے ایک شخص کا ذکر کیا جس نے کسی دوسرے بنی اسرائیلی سے اپنے لئے قرض لیا اور اُس کو مقررہ معیاد پر اَدا کردیا، اور (آخر تک) واقعہ بیان کیا۔