کتاب 42: بَابُ قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «الدِّينُ النَّصِيحَةُ لِلَّهِ وَلِرَسُولِهِ وَلأَئِمَّةِ الْمُسْلِمِينَ وَعَامَّتِهِمْ»
صحیح بخاری
صحیح بخاری 57
ہم سے مسدد نے بیان کیا، کہا: اسماعیل سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے کہا: مجھے قیس بن ابی حازم نے جریر بن عبداللہ (بجلی) سے روایت کرتے ہوئے بتلایا انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کی بیعت نماز سنوار کر پڑھنے اور زکوۃ دینے اور ہر ایک مسلمان کی خیر خواہی کرنے پر کی۔
صحیح بخاری 58
ہم سے ابونعمان نے بیان کیا، کہا: ابوعوانہ نے بن علاقہ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے کہا: ہم نے حضرت جریر بن عبد اللہ کو کہتے سنا کہ جس دن حضرت مغیرہ بن شعبہ فوت ہوئے تو حضرت جریر منبر پر کھڑے ہوئے اور اللہ کی حمد و ستائش بیان کی اور کہا: تمہیں چاہیے کہ تم صرف ایک اللہ ہی کو اپنا سپر بناؤ، جس کا کوئی بھی ہم سر نہیں اور متانت اور سکینت اختیار کرو۔ یہاں تک کہ تمہارے پاس کوئی حاکم آجائے۔ کیونکہ وہ تمہارے پاس آب آہی رہا ہوگا۔ پھر کہا: اپنے (وفات شدہ) امیر کے لئے دعائے مغفرت کرو۔ کیونکہ وہ عفو کو پسند کرتا تھا۔ بعد سنو کہ میں نبی ﷺ کے پاس آیا۔ میں نے کہا کہ میں آپ سے اسلام میں داخل ہونے کی بیعت کرتا ہوں تو آپ نے مجھ پر ہر ایک مسلمان کی خیر خواہی بھی لازم کی تھی۔ اس پر میں نے آپ کی بیعت کی اور میں اس مسجد کے رب کی قسم کھاتا ہوں کہ میں تمہارا سراسر خیر خواہ ہوں۔ پھر انہوں نے مغفرت کی دعا کی اور (منبر سے) اتر آئے۔