کتاب 18: باب الشَّفَاعَةِ فِي وَضْعِ الدَّيْنِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 2405

حَدَّثَنَا مُوسَى حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ عَنْ مُغِيرَةَ عَنْ عَامِرٍ عَنْ جَابِرٍ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ أُصِيبَ عَبْدُ اللَّهِ وَتَرَكَ عِيَالاً وَدَيْنًا فَطَلَبْتُ إِلَى أَصْحَابِ الدَّيْنِ أَنْ يَضَعُوا بَعْضًا مِنْ دَيْنِهِ فَأَبَوْا فَأَتَيْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَاسْتَشْفَعْتُ بِهِ عَلَيْهِمْ فَأَبَوْا فَقَالَ " صَنِّفْ تَمْرَكَ كُلَّ شَىْءٍ مِنْهُ عَلَى حِدَتِهِ عِذْقَ ابْنِ زَيْدٍ عَلَى حِدَةٍ وَاللِّينَ عَلَى حِدَةٍ وَالْعَجْوَةَ عَلَى حِدَةٍ ثُمَّ أَحْضِرْهُمْ حَتَّى آتِيَكَ ". فَفَعَلْتُ ثُمَّ جَاءَ صلى الله عليه وسلم فَقَعَدَ عَلَيْهِ وَكَالَ لِكُلِّ رَجُلٍ حَتَّى اسْتَوْفَى وَبَقِيَ التَّمْرُ كَمَا هُوَ كَأَنَّهُ لَمْ يُمَسَّ.

موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ سے، مغیرہ نے عامر (شعبی) سے، عامر نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عبداللہؓ شہید ہوئے اور بال بچے اور قرض چھوڑ گئے۔ میں نے قرض خواہوں سے چاہا کہ وہ اُن کے قرض سے کچھ چھوڑ دیں۔ وہ نہ مانے تو میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے چاہا کہ اُن کے پاس اس کی سفارش فرمائیں۔ وہ پھر بھی نہ مانے۔ آپؐ نے فرمایا: اپنی کھجوروں کو قسم وار ترتیب دو اور انہیں علیحدہ علیحدہ کر دو۔ عذق بن زید قسم کی کھجور الگ ہو اور لِین الگ ہو اور عجوہ الگ ہو۔ پھر میرے آنے تک قرض خواہوں کو لے آئو۔ میں نے ایسا ہی کیا۔ پھر آپ ﷺ آئے اور کھجوروں کے ڈھیر پر بیٹھ گئے اور ہر شخص کو ماپ کر دیتے گئے یہاں تک کہ ہر شخص نے اپنا حق پورا کا پورا پالیا اور کھجور ویسی ہی رہی، گویا کہ اسے کسی نے ہاتھ تک نہیں لگایا۔

صحیح بخاری 2406

وَغَزَوْتُ مَعَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم عَلَى نَاضِحٍ لَنَا فَأَزْحَفَ الْجَمَلُ فَتَخَلَّفَ عَلَىَّ فَوَكَزَهُ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم مِنْ خَلْفِهِ قَالَ " بِعْنِيهِ وَلَكَ ظَهْرُهُ إِلَى الْمَدِينَةِ ". فَلَمَّا دَنَوْنَا اسْتَأْذَنْتُ قُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنِّي حَدِيثُ عَهْدٍ بِعُرْسٍ. قَالَ صلى الله عليه وسلم " فَمَا تَزَوَّجْتَ بِكْرًا أَمْ ثَيِّبًا ". قُلْتُ ثَيِّبًا أُصِيبَ عَبْدُ اللَّهِ وَتَرَكَ جَوَارِيَ صِغَارًا فَتَزَوَّجْتُ ثَيِّبًا تُعَلِّمُهُنَّ وَتُؤَدِّبُهُنَّ ثُمَّ قَالَ " ائْتِ أَهْلَكَ ". فَقَدِمْتُ فَأَخْبَرْتُ خَالِي بِبَيْعِ الْجَمَلِ فَلاَمَنِي فَأَخْبَرْتُهُ بِإِعْيَاءِ الْجَمَلِ وَبِالَّذِي كَانَ مِنَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَوَكْزِهِ إِيَّاهُ فَلَمَّا قَدِمَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم غَدَوْتُ إِلَيْهِ بِالْجَمَلِ فَأَعْطَانِي ثَمَنَ الْجَمَلِ وَالْجَمَلَ وَسَهْمِي مَعَ الْقَوْمِ.

اور (ایک بار) میں نبی ﷺ کے ساتھ اپنے ایک پانی بھرنے کے لئے استعمال ہونے والے اُونٹ پر سوار ہو کر جنگ کے لئے نکلا۔ وہ اُونٹ تھک کر چلنے سے رہ گیا اور باوجود میری کوشش کے پیچھے ہی رہا۔ نبی ﷺ نے اس کو پیچھے سے لکڑی کی چوک لگائی۔ آپؐ نے فرمایا: اسے میرے پاس بیچ دو اور مدینہ تک تم اسی پر سوار رہو۔ جب ہم مدینہ کے قریب پہنچے؛ میں نے آپؐ سے اجازت چاہی۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے نئی شادی کی ہے۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: کس سے شادی کی ہے؛ کنواری سے یا بیوہ سے؟ میں نے کہا: بیوہ سے۔ عبداللہؓ شہید ہوگئے اور انہوں نے کم سن لڑکیاں چھوڑی ہیں۔ اس لئے میں نے بیوہ سے شادی کی ہے کہ وہ اُن کو تعلیم دے گی اور اُن کی تربیت کرے گی۔ آپؐ نے فرمایا: اپنی بیوی کے پاس جائو۔ میں آیا اور اپنے ماموں (ثعلب) کو بتایا کہ اُونٹ بیچ دیا ہے۔ انہوں نے مجھے ملامت کی۔ میں نے انہیں بتایا کہ اُونٹ چلنے سے رہ گیا تھا اور جو بات نبی ﷺ سے ہوئی اور جو آپؐ نے اُسے مارا تھا (یہ بھی انہیں بتایا۔) جب نبی ﷺ مدینہ میں آئے تو میں دوسرے دن صبح اُونٹ لے کر آپؐ کے پاس گیا۔ آپؐ نے مجھے اُونٹ کی قیمت دی اور وہ اُونٹ بھی دے دیا اور لوگوں کے ساتھ میرا حصہ بھی مجھے دیا۔

10 von 10 heute frei