کتاب 19: باب مَا يُنْهَى عَنْ إِضَاعَةِ الْمَالِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 2407
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے روایت کی کہ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے ایک شخص نے کہا: میں خرید و فروخت میں ٹھگا جاتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم خرید و فروخت کرو تو یہ کہا کرو: اس میں دھوکہ فریب نہیں ہوگا۔ چنانچہ وہ شخص ایسا ہی کہا کرتا تھا۔
صحیح بخاری 2408
عثمان (بن ابی شیبہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے شعبی سے، شعبی نے حضرت مغیرہ بن شعبہؓ کے غلام ورّاد سے، ورّاد نے حضرت مغیرہ بن شعبہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: مائوں کی نافرمانی اور بیٹیوں کا زندہ گاڑنا اور خود تو نہ دینا لیکن دوسروں سے مانگنا؛ اِن سب باتوں کو اللہ تعالیٰ نے تم پر حرام کیا ہے۔ اِسی طرح سے فضول باتیں کرنے اور بہت سوال کرنے اور مال برباد کرنے کو تمہارے لئے ناپسند کیا ہے۔